چارسدہ : باچا خا ن یونیورسٹی میں 20 جنوری،2016 کو دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے طلبا ء اور ملازمین کی یاد میں چھٹی برسی عقیدت واحترام اور جو ش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔با چا خان یونیورسٹی چارسدہ کے وائس چانسلر میرٹیوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد،ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد اور چیف سیکیورٹی آفیسرز کرنل (ر)جان فردوس، میجر(ر) سید شاہد حسین نے یادگار شہدا ء پر حاضری دی، یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔اس موقع پر فرنٹئیر کانسٹیبلری کے جوانوں کے چاق وچوبند دستے نے یاد گار پر سلامی پیش کی۔فاتحہ خوانی اور سلامی کی اس پروقار تقریب کے بعد طلباء و طالبات، اساتذہ اور یو نیورسٹی کے دیگر ملازمین نے شہداء کی ایصال ثواب کے لئے یونیورسٹی کے لان میں قرآن خوانی بھی کی۔
قرآن خوانی کے بعد یونیورسٹی کے مین ہال میں تمام شہدا ء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس کی مناسبت سے تقریب منعقد کی گئی جس میں وائس چانسلر میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر بشیر احمد، ڈی پی او چارسدہ سہیل خالد، شہداء کے لواحقین،یونیورسٹی ملازمین اور طلباء و طالبات نے شرکت کی۔وائس چانسلر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہمارے شہید بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی شہدا ء کی انہی قربانی کی بدولت آج ہم سب کھلی اور پرامن فضا ء میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی قربانی تعلیم کے حصول کے لئے تھی اور انکا یہ مشن جاری وساری رکھیں گے۔انہوں نے لواحقین کو یقین دلایا کہ جب تک وہ یونیورسٹی میں اپنے عہدے پر فائز رہیں گے تو انکے بچوں کو مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور شہداء کے بہن بھائیوں کے یونیورسٹی میں تعلیمی اخراجات یونیورسٹی برداشت کرے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے شہداء کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی و بقا ء کے لئے اجتماعی دعا مانگی۔واضح رہے کہ 20 جنوری، 2016 کو باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں 14طلبہ اور چار ملازمین بشمول ایک اسسٹنٹ پروفیسر شہید ہوگئے تھے جبکہ 21 افراد زخمی ہو ئے تھے۔