حلال امپلیمینٹیشن کونسل خیبرپختونخوا کا باضابطہ افتتاح

حلال آگاہی اور ریسرچ کونسل کی جانب سے حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے پی اور پرائم فاؤنڈیشن (پی ایف) کے اشتراک سے پشاور میڈیکل کالج (پی ایم سی) پشاور میں کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل کا آغازکرنے کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ حلال آگاہی اور تحقیقی کونسل کے صدر آفاق شمسی نے کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل کی تشکیل اور باقاعدہ آغاز میں سہولت فراہم کی جبکہ پرائم فاؤنڈیشن کے مشیر صحت اور طبی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق کو متفقہ طور پر کونسل کا چیئرپرسن نامزد کیا گیا۔ حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے نمائندوں اورصوبے کے ممتاز علمائے کرام مفتی جواد، مفتی خالد،مفتی یحییٰ، مفتی عاقب جاوید اور مفتی مسعود شاہ کو اتفاق رائے سے کونسل کے ممبران منتخب کیاگیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ کے پی حلال امپلیمینٹیشن کونسل فوڈ بزنسز اور حلال فوڈ اتھارٹی کے درمیان پل کاکردارادا کرے گا۔حلال کونسل کے قیام سے صوبے بھر میں فوڈ بزنسز کے درمیان حلال اور محفوظ خوراک کے رہنما خطوط پر عمل درآمد کو آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ کونسل اور پرائم فاؤنڈیشن مل کر حلال اور محفوظ خوراک کے طریقوں کے بارے میں فوڈ بزنسز کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے جبکہ حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی بعد میں انہیں حلال اور محفوظ فوڈ بزنس کے طور پر سرٹیفکیٹ جاری کرے گی۔ کونسل کھانے کے کاروبار کی فہرست سازی اور ان کی تربیت میں مقامی علماء اور آئمہ کرام کو شامل کرے گی۔ اجلاس میں شریک علمائے کرام اور فوڈ بزنسز کے نمائندوں نے بھر پور شرکت کی اورانہوں نے اس اقدام کو سراہا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزیر صحت اور موجودہ ایم پی اے عنایت اللہ خان، ڈی جی کے پی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی شاہ رخ علی خان، پرائم فاؤنڈیشن کے مشیر صحت اور طبی تعلیم پروفیسر ڈاکٹر نجیب الحق اور معروف سماجی کارکن ڈاکٹر محمد اقبال خلیل نے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔ مقررین کاکہنا تھا کہ حلال امپلیمینٹیشن کونسل کے قیام سے جہاں صحت عامہ کا معیار بہتر کرنے میں مدد ملے گی وہاں اس سے علاقائی انضمام کے منصوبوں مثلاً بی آر آئی اور سی پیک کے تناظر میں اقتصادی پیداوار اور کاروباری سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا۔اس موقع پر ڈی جی حلال اینڈ سیف فوڈ اتھارٹی کے پی اور ایڈوائزر پی ایف کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے جس میں حلال فوڈ سے متعلق آگاہی پیداکرنے، استعداد کار بڑھانے اور تحقیق کے لیے تعاون کو باقاعدہ بنانے کے عزم کااعادہ کیاگیا۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket