بٹگرام کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کے زیر اہتمام دو روزہ عیدالفطر کھیل و ثقافتی میلہ رنگا رنگ خوبصورت تقریبات سمیٹے اختتام پزیر ہوا.یہ میلہ آلائی تحصیل کے سیاحتی مقام گلئے میدان میں منقعد کیا گیا تھا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ عید کی چھٹیوں میں اس سرد اور خوبصورت علاقے کا رخ کریں اور یہاں کے دلفریب نظاروں سے لطف اندوز ہو سکے۔ ثقافتی میلے میں نہ صرف مقامی لوگ بلکہ دوردراز سے آئے سیاحوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میلے میں دوسرے دن مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے اور مقامی گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔میلے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر بٹگرام اشفاق خان اور ایم پی اے زبیر خان نے کھیلوں اور ثقافتی مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں /فنکاروں میں انعامات تقسیم کئے۔میلے کے پہلے دن کثیر تعداد میں سیاحوں اور مقامی لوگوں نے شرکت کی۔
اس موقع پراسسٹنٹ کمشنر آلائی نے آئے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی آج اور کل کے دن انشاء اللہ بٹگرام کے ثقافت کے حوالے سے لوگ بھر پور حصہ لینگے اور اپنی ثقافت کو اجاگر کرنے میں ضلعی انتظامیہ کا ساتھ بھی دینگے تاکہ آنے والے دور میں لوگ اس علاقے کا رخ کریں اور سیاحت کے حوالے سے یہ علاقے مزید ترقی کر سکے۔میلے کا باقاعدہ افتتاح اسسٹنٹ کمشنر آلائی اسد محمود لودھی نے کیا جبکہ اس موقع پر تحصیلداران صاحبان، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر محمد اکرم، ایس ایچ او اشتیاق خان، ٹی ایم اے آلائی کے لاء اینفورسمنٹ آفیسر الطاف خان، محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں کے اہلکاران بھی موجود تھے۔