انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے ضم ضلع اورکزئی میں نئے تعمیر شدہ جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی دفاتر اور کرک میں نو قائم شدہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی عمارت کا افتتاح کردیا۔ پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ پولیس عمارتوں کی اس افتتاحی تقریب کے دوران ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شیر اکبر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد عمر خان، پی ایس او ٹو آئی جی پی فرحان خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی صلاح الدین کنڈی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک خانخیل خان،، ایس پی سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن سجاد خان، ایس پی سپیشل برانچ کوہاٹ ریجن صفدر خان، ایس پی سٹی ڈویژن کوہاٹ فاروق زمان اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کو نئی تعمیر شدہ بلڈنگز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں ایسی مزید بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید ساز و سامان اور آلات حرب سے لیس کریں گے. بلڈنگز کا تعمیراتی کام مکمل ہوتے ہی پولیس دفاتر میں استعمال ہونے والا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے قیام کا مقصد دہشت گردی اور مختلف جرائم کا مکمل خاتمہ کرنا ہے جبکہ سپیشل برانچ کی انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کی بدولت صوبہ بھر میں امن وامان کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا رہے ہیں. آئی جی پی کا کہنا تھا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا بنیادی مقصد ہر قسم کے جرائم بالخصوص اسٹریٹ کرائمز سے نمبٹنے، گاڑیوں کی چوری کا بروقت و بہتر سدّباب اور پولیس تنصیبات کی حفاظت جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال کے ذریعے یقینی بنانا ہے. اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس کو بھی جدید طرز پراستوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہروں میں جو چھوٹے موٹے واقعات رونما ہو رہے ہیں ان کا بھی خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔ ہر کسی کو قانون پر عمل کرنا ہوگا۔
صوبے میں شہدا کی قربانیوں سے قائم امن وامان کو خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی جو بھی شخص امن و امان کو خراب کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے قریبی اور دوستانہ تعلقات سے مختلف جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے لہذا موجودہ حالات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس حکام کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی. پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ اجلاس میں آئی جی پی کو کوہاٹ ریجن میں امن و امان، جرائم کی شرح اور پولیس کی استعداد کار اور انسداد جرائم کے حوالے سے کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آئی جی پی کو ضم اضلاع سمیت کوہاٹ ریجن کے مختلف شہروں میں ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے کاؤنٹر ٹیررازم اور انسداد جرائم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات، پیشہ ورانہ کارکردگی اور اہم کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر آئی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردی اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما خیبر پختونخوا پولیس امن کی ضامن بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور سی ٹی ڈی سمیت صوبے کی پولیس فورس کے انفراسٹرکچر اور مالی مراعات کو مطلوبہ ضروریات کے مطابق لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قیام امن کے مقاصد کو حاصل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
کیپرا نے ٹیکس ہدف11 ماہ میں حاصل کرلیا
خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 37.1 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کرکے صوبائی حکومت کی جانب سے دیا گیا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کے پی آر اے کو رواں مالی سال کے لیے 35 ارب کا ہدف دیا گیا تھا جسے 11 ماہ سے کم مدت میں حاصل کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے پی آر اے کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال 37 فیصد زیادہ محاصل اکٹھے کئے گئے ہیں جو ادارے کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 32.2 ارب روپے اکھٹے کیے گئے ہیں جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں اب تک 4.9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 23.9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال مئی کے اختتام تک سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 32.2 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں مئی کے اختتام تک 4.9 ارب روپے اکٹھے کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال مئی تک صرف 3.2 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے جس کا مطلب ہے کہ روا مالی سال انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 53 فیصد زیادہ روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی آر اے فوزیہ اقبال کا کہنا ہےکہ11 ماہ میں ہی پورے سال کے لئے دیئے گئے ہدف سے زیادہ محاصل اکھٹے کرنا ادارے کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کے مکمل 12 میں ماہ 30.5 ارب اکھٹے کیے گئے تھے جب کہ اس سال صرف 11مہینوں میں 37.1 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں جس سے اس سال ادارے اور اس میں کام کرنے والے افسران کی شاندار کارکردگی ثابت ہوتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ رواں مالی سال کے احتتام پر ہم 40 ارب روپے سے زائد محاصل اکھٹے کر چکے ہوںگے۔ کیپرا کی شاندار کارکردگی ادارے میں کام کرنے والے افسران کے ان تھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ٹیکس دہندگان، تاجر برادری اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا۔ ہم اپنے معزز ٹیکس دہندگان سےمستقبل میں بھی اسی طرح کے تعاون کی امید کرتے ہیں۔
نمیبیا نے سپر آور میچ میں اومان کو شکست دے دی
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ. نمیبیا نے سپر آور میچ کے بعد اومان کو شکست دے کر پہلی کامیابی حاصل کر لی. یاد رہے کہ ٹی ٹونٹی میچ میں پہلے دونوں ٹیموں کے مابین میچ برابر رہا جس کے بعد سپر آور میں نمیبیا نے بیس رنز کا ہدف دیا جو کہ اومان کی ٹیم ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔
اوورسیز پاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم
اوورسیز پاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔ پاسپورٹ کی مقررہ مدت میں فراہمی یقینی بنانے کےلیے پی ایس او اے ایس پی شہر بانو کی سربراہی میں مانیٹرنگ سیل قائم کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لندن میں پاسپورٹ اور نادرا سینٹرز کا دورہ کیا۔ وزیرداخلہ نے دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کوپاسپورٹ کے اجراء میں تاخیر کا نوٹس لے لیا۔ وزیرداخلہ نے متعلقہ حکام کو اوورسیزپاکستانیوں کو ارجنٹ پاسپورٹ 7 روز میں جاری کرنےکا حکم دیدیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کونارمل پاسپورٹ 30 روز میں جاری ہوگا۔ محسن نقوی نے کہا کہ اس پالیسی کا اطلاق دنیا بھر میں موجود تمام پاکستانی مشنز پر ہوگا، پاسپورٹ میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں، مقرر کردہ مدت میں پاسپورٹ جاری نہ ہوا تو متعلقہ افسران کیخلاف ایکشن لوں گا۔
پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اسلام آباد میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کر دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر اور چیئرمین اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹرانسپورٹ یونین کے وفد کے مابین میٹنگ میں کرایوں میں کمی پر اتفاق ہوا۔ 4 کلومیٹر تک کرایہ 35 سے کم کرکے 33 روپے کردیا گیا۔ 4 سے 8 کلومیٹر سفر کا کرایہ 45 سے کم کرکے 40 روپے کردیا گیا۔ 8 سے 14 کلومیٹر کا کرایہ 55 سے کم کرکے 50 روپے کردیا گیا۔ 14 سے 22 کلومیٹر سفر کا کرایہ 70 سے کم کرکے 65 روپے ہوگیا۔ 22 سے 30 کلومیٹر سفر کا کرایہ 80 سے کم کرکے 70 روپے کردیا گیا۔ 30 کلومیٹر سے زائد سفر پر 10 روپے تک کمی کر دی گئی۔ کرایہ نامہ تمام گاڑیوں کی فرنٹ سکرین پر چسپاں کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔ ٹرانسپورٹ یونین کی جانب سے کرایوں میں کمی پر عملدرآمد میں تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔ کرایوں میں کمی نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اتوار سے گاڑیوں کے کرائے چیک کرنے کی ہدایت کردی گئی۔
پاکستانی 46 ہزار 648 عازمین سعودی عرب پہنچ گئے
وزارت مذہبی امور کے مطابق ہفتے تک 185 پروازوں سے 46 ہزار 648 سرکاری عازمین سعودی عرب پہنچے گے۔جبکہ اگلے 9 دنوں میں مزید 22 ہزار 90 سرکاری عازمینِ حج مکہ مکرمہ پہنچیں گے۔ ترجمان وزارت مذ ہبی امو ر نے بتایا ہے کہ نجی حج اسکیم کے تحت 15 ہزار 500سے زائد عازمینِ حج سعودی عرب پہنچے ہیں۔ترجمان کے مطابق اس سال پاکستان حج مشن 70 ہزار 105 سرکاری اور 80 ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمینِ حج کی میزبانی کرے گا۔ مدینہ منورہ میں 33 ہزار 500 عازمینِ حج کو زیارتِ ریاض الجنہ کروا دی گئی۔
یونیورسٹی آف لکی مروت نے کیمپس میں داخلوں کا اعلان کردیا
ایک تاریخی پیشرفت میں یونیورسٹی آف لکی مروت کے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹرمختاراحمداور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع بات چیت اور مشترکہ کوششوں کے بعد کیمپس میں داخلے شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ اعلان وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے ادارے کیلئے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کیا۔ وائس چانسلر نے ان لوگوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سنگ میل کو حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد، سیکرٹری ایچ ای ڈی ارشد خان کے تعاون اور رہنمائی کا اعتراف کرتے ہوئے کرنل امیر اللہ مروت (سابق ایم این اے) کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن (مشیر کوالٹی ایشورنس ایچ ای ڈی کے پی)، عمران اللہ مروت (ڈائریکٹر کوالٹی ایشورنس ایچ ای ڈی کے پی)، پروفیسر ڈاکٹر فضل ہادی (ڈائریکٹر ریجنل ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن ساؤتھ بنوں) اور دیگر کی خدمات کو بھی سراہا۔ مزید برآں وائس چانسلر نے یونیورسٹی کی داخلہ ٹیم کی لگن اور محنت کو سراہا۔ انہوں نے خصوصی طور پر رجسٹرار صدام الاسلام، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ناصر رحمان، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عابد علی خان، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ اور اسٹیبلشمنٹ سیکشن کے جناب انعام اللہ خان کا ذکر کیا جنہوں نے صبح سے شام تک انتھک محنت کی۔ یہ نقطہ نظر ایک حقیقت ہےکیمپس میں داخلوں کیلئے یہ منظوری لکی مروت یونیورسٹی کیلئے ایک نئے باب کی نشاندہی کرتی ہے۔ جس سے اس کی تعلیمی پیشکشوں میں اضافہ ہوگا اور خطے کے طلبہ کے لیے زیادہ مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا: چوتھی انسداد پولیو مہم کا آغاز
وزیر صحت قاسم علی شاہ نے پولیس سروس ہسپتال میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر مہم کا آغاز کیا۔رواں سال کی چوتھی انسداد پولیو مہم میں 35لاکھ سےزائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کاہدف مقرر کیا گیاہے۔18ہزار 319 پولیو ورکر انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں گے۔کوہاٹ، خیبر، بنوں،لکی مروت،ڈی آئی خان،لوئردیر،صوابی اور سوات میں پولیو مہم چلائی جارہی ہیں۔ انسداد پولیو مہم میں افغان مہاجرین کیمپ،پاک افغان بارڈر اور یونین کونسلوں میں افغان مہاجرین بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائے گے۔پولیو مہم کے دوران 26 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔انسداد پولیو مہم 7جون تک جاری رہے گی۔ محکمہ صحت خیبر پختو نخوا کیمطا بق2023میں پولیو کیسز کی تعداد 4،جبکہ رواں سال پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔
بانی پی ٹی آئی اورشیخ مجیب
وصال محمد خان
گزشتہ دنوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ٹویٹراکاؤنٹ سے شیخ مجیب کی ایک ویڈیوشیئرکی گئی بظاہرتواس ویڈیوکاپاکستان کے موجودہ سیاسی یامعاشی حالات سے کوئی مطابقت نہیں ،نہ ہی پاکستان میں موجودکوئی فردشیخ مجیب سے کوئی انسیت یامحبت رکھتاہے نہ ہی محب وطن پاکستانی شیخ مجیب کوچاہتے ہیں اورنہ ہی کسی کواسکی یادآتی ہے شیخ مجیب جیسے بھی تھے جوبھی تھے مگرانکی وجہ سے دنیاکاسب سے بڑامسلم ملک دولخت ہوا۔ اس وقت کے حالات وواقعات جوبھی رہے مگرشیخ مجیب ہی پاکستان ٹوٹنے کاسبب بنے تھے انہوں نے پاکستان کے ازلی دشمن بھارت کی مددسے پاکستان کودولخت کیااور پاکستان کیساتھ دشمنی کاکوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا۔ عمران خان کے ٹویٹراکاؤنٹ سے مجیب الرحمان کی ویڈیو اپلوڈ کرنے سے ان کاجوبھی مطلب ہومگربظاہریہی ایک مطلب لیاجا سکتاہے کہ وہ بھی شیخ مجیب کے ہم خیال ہیں ،انہیں اپناہیرو مانتے ہیں یاپھروہ یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ وہ بھی انہی کی طرح ملک توڑنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ جب سے عمران خان کی حکومت سے بے دخلی عمل میں آئی ہے تب سے انکے اقدامات اوربیانات سے ذہنی دیوالیہ پن جھلک رہاہے۔ وہ بسااوقات ایسے بیانات اورپیغامات جاری کرتے ہیں جس پراچھے بھلے سنجیدہ آدمی کی بھی ہنسی چھوٹ جاتی ہے۔ انہوں نے دوآرمی چیفس کوغدارقراردیا۔ انہیں اقتداردلانے میں جنرل باجوہ کاکرداربدرجہء اتم موجودتھااسی سبب عمران خان انکی تعریفوں کے پل باندھتے تھے اورانہیں وہ القابات وخطابات دیتے رہے جوان سے پہلے کسی وزیراعظم نے کسی آرمی چیف کونہیں دئے انہوں نے جنرل باجوہ کوقوم کاباپ تک قراردیامگراقتدار سے رخصتی کے بعدانہوں نے انہیں میرجعفر،میرصادق اورجانورتک قراردیا۔ جنرل باجوہ کی عہدے سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے دنیاکاہرالزام انکے سرتھوپ دیاچونکہ جنرل باجوہ سروس رولزکے تحت جواب دینے سے قاصر تھے، اسلئے انہوں نے خودکومادرپدرآزادسمجھ لیااوراپنے دورِاقتدار کی تمام غلطیوں ،کوتاہیوں اورنااہلیوں کیلئے جنرل باجوہ کوذمہ دارٹھہرادیا۔ اسکے بعدجنرل عاصم منیرکی بطورآرمی چیف تقرری میں روڑے اٹکانے کی کئی ناکام کوششیں کیں حتیٰ کہ حکومت وقت کو آرمی چیف تقرری میں مشاو رت کی پیشکش کرڈالی حالانکہ ایساکوئی قانون موجودنہیں کہ کسی سیاسی راہنمایاسابق وزیراعظم کواس قسم کی تقرری میں شامل کیاجائے یاانکے ساتھ کوئی مشاورت کی جائے۔ گزشتہ ماہ انہوں نے موجودہ آرمی چیف پربے بنیاد،لغواوربے جاالزام تراشی کی کبھی وہ اپنی بیگم کواورکبھی خودکو قتل کرنے کے من گھڑت الزامات فوجی قیادت پر عائدکرتے رہتے ہیں وزیرآبادحملہ میں بھی انہوں نے اعلیٰ فوجی قیادت پرلغوالزامات لگائے تھے دراصل وہ محض خبروں اورتبصروں میں اِن رہنے کیلئے یہ سارے جتن کرتے ہیں میڈیااورخصوصاًسوشل میڈیاکافوکس حاصل کرنے کیلئے وہ کچھ بھی کردیتے ہیں حالانکہ انکی اکثرباتیں بے سروپاہوتی ہیں ان کامقصدصرف ایک ہی ہے کہ وہ ایسی کوئی بات کہہ دیں یاکوئی ایساکام کرگزریں جس کی بدولت ساری دنیاکی توجہ انکی جانب مبذول ہواوروہ مرکزنگاہ بن جائیں۔ وہ چونکہ کرکٹررہے ہیں اورکرکٹرکی خواہش ہوتی ہے کہ وہ جب بھی گراؤنڈمیں اترے تمام نگاہیں اس کاطواف کریں اوروہ کوئی ایساکارہائے نمایاں انجام دے جس سے وہ مرکزنگاہ بن جائیں بالکل یہی طریقہ وہ سیاست میں استعمال کرکے اس مقام تک پہنچے ہیں وہ ہرچھوٹے سے معاملے کولائیومیچ میں تبدیل کردیتے ہیں ساری دنیاکی توجہ کا مرکز بنادیتے ہیں اوراسکی مقبولیت پربغلیں بجاکرخوش ہوتے رہتے ہیں۔ اپنی مقبولیت کے زعم میں وہ یہ تک بھول جاتے ہیں کہ انکے اس کردارسے ملک وقوم کاکیانقصان ہوگا؟ انہیں ملک وقوم کے نقصان یافائدے سے کوئی غرض نہیں اسی لئے انہوں نے اپنے ٹویٹراکاؤنٹ سے شیخ مجیب الرحمان والی ویڈیوجاری کی یاکروائی مگراس ویڈیو نے عمران خان کی رہی سہی ساکھ کوبھی داؤپرلگادیاہے۔ وہ گزشتہ دوسالوں سے امریکہ کواپنے خلاف سازش کیلئے موردالزام ٹھہراتے ہیں مگراب پارٹی ترجمان نے انکشاف فرمایاہے کہ ان کاٹویٹراکاؤنٹ امریکہ سے ہینڈل ہوتاہے جس ملک نے انکے خلاف سازش کرکے انہیں اقتدارسے ہٹایاان کاسوشل میڈیااکاؤنٹ اسی ملک سے آپریٹ ہورہاہے اوروہ عظیم محب وطن اورحریت پسند بن کرحب الوطنی کے سرٹیفکیٹس بانٹ رہاہے۔ ان کاٹویٹراکاؤنٹ امریکہ سے ہینڈل ہونے کے انکشاف سے دوباتیں واضح ہوئیں یاتوامریکی سازش کاالزام جھوٹ تھااوراگریہ سچ تھاتو امریکہ جیسے پاکستان دشمن ملک سے ان کااکاؤنٹ آپریٹ ہونااس کی علامت ہے کہ وہ اب ملک دشمن قوتوں کے آلہء کاربن چکے ہیں اور انکے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔ شیخ مجیب والی ویڈیوکی دفاع کیلئے انکے ترجمان اورنام نہادپارٹی راہنمابھی ادھرادھرکی ہانک رہے ہیں رؤف حسن نے ایک دن اسی ویڈیوکیلئے پریس کانفرنس کی جبکہ دوسر ے ہی دن ایک سوال پران کاکہناتھاکہ ویڈیو انہوں نے نہیں دیکھی۔ سوشل میڈیاکے ذریعے چلنے والی پارٹی کے ترجمان نے چاردن تک اپنے قائد کی وہ ویڈیوہی نہیں دیکھی جس پروہ خود ایک دن قبل پریس کانفرنس کرچکے ہیں کوئی خودساختہ راہنمااس سے بریت کااظہارکررہا ہے توکوئی اسے اپنارہاہے پوری پارٹی کنفیوزڈہے کہ اس نازیباحرکت کادفاع کیاجائے، اسے سراہاجائے یا مذمت کی جائے۔ چونکہ تحریک انصاف نامی فتنہ کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ فردواحدکی لمیٹڈکمپنی ہے جس سے اسی قسم کی اوچھی حرکتوں کی توقع کی جاسکتی ہے آج توعمران خان نے پاکستان کودولخت کرنے والے شیخ مجیب کی ویڈیوجاری کی ہے انکی نظرکرم شاستری ،اندراگاندھی،بیت اللہ محسودوغیرہ پربھی پڑسکتی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کوان اوچھی حرکتوں سے بازآجاناچاہئے انہی الٹی سیدھی حرکات کے نتیجے میں وہ وزیراعظم کی کرسی سے جیل پہنچے ہیں۔ انہیں اقتدارکی طلب میں دیوانگی والی اس نارواطرزسیاست پرنظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔
بشکیک سے 287 طلبہ خصوصی پرواز کے ذریعے پشاور پہنچ گئے
خیبرپختونخوا حکومت کی خصوصی پرواز بشکیک سے 287 طلبہ کو لیکر پشاور پہنچ گئی۔طلبہ کے پشاور پہنچنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ائیرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے 5 خصوصی پروازوں کے ذریعے 14 سو 50 طلبہ کو وطن واپس لایا گیا ہے۔واضح رہے کہ کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں مقامی طلبہ کی جانب سے غیر ملکی طلبا پر حملوں میں کئی پاکستانی طلبہ زخمی ہو گئے تھے۔ 13 مئی کو بشکیک کی بودیونی کے ہاسٹل میں مقامی اور غیرملکی طلبہ میں لڑائی ہوئی تھی جھگڑے میں ملوث 3 غیرملکیوں کو حراست میں لیا گیا تھا۔کرغز میڈیا کے مطا بق 17مئی کی شام چوئی کرمنجان دتکا کے علاقے میں مقامیوں نے احتجاج کیا۔مقامی افراد نے جھگڑے میں ملوث غیرملکیوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا۔بشکیک سٹی داخلی امور ڈائریکٹریٹ کے سربراہ نے مظاہرہ ختم کرنے کی درخواست کی۔مقامی میڈیا کے مطابق حراست میں لیے گئے غیرملکیوں نے بعد میں معافی بھی مانگی لیکن مظاہرین نے منتشر ہونے سے انکار کیا اور وہ مزید تعداد میں جمع ہوگئے۔پبلک آرڈر کی خلاف ورزی پر متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔