خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں 37.1 ارب روپے کے محاصل اکٹھے کرکے صوبائی حکومت کی جانب سے دیا گیا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیا۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے کے پی آر اے کو رواں مالی سال کے لیے 35 ارب کا ہدف دیا گیا تھا جسے 11 ماہ سے کم مدت میں حاصل کرلیا گیا ہے۔ ترجمان کے پی آر اے کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ کے مقابلے میں رواں مالی سال 37 فیصد زیادہ محاصل اکٹھے کئے گئے ہیں جو ادارے کی شاندار کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 32.2 ارب روپے اکھٹے کیے گئے ہیں جبکہ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سس کی مد میں اب تک 4.9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے ہیں۔
گزشتہ مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 23.9 ارب روپے اکھٹے کیے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال مئی کے اختتام تک سیلز ٹیکس آن سروسز کی مد میں 32.2 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں جو گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہیں۔ اسی طرح انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں مئی کے اختتام تک 4.9 ارب روپے اکٹھے کیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ سال مئی تک صرف 3.2 ارب روپے اکٹھے کیے گئے تھے جس کا مطلب ہے کہ روا مالی سال انفراسٹرکچر ڈیویلپمنٹ سس کی مد میں 53 فیصد زیادہ روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی آر اے فوزیہ اقبال کا کہنا ہےکہ11 ماہ میں ہی پورے سال کے لئے دیئے گئے ہدف سے زیادہ محاصل اکھٹے کرنا ادارے کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال کے مکمل 12 میں ماہ 30.5 ارب اکھٹے کیے گئے تھے جب کہ اس سال صرف 11مہینوں میں 37.1 ارب روپے اکٹھے کیے جا چکے ہیں جس سے اس سال ادارے اور اس میں کام کرنے والے افسران کی شاندار کارکردگی ثابت ہوتی ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ رواں مالی سال کے احتتام پر ہم 40 ارب روپے سے زائد محاصل اکھٹے کر چکے ہوںگے۔ کیپرا کی شاندار کارکردگی ادارے میں کام کرنے والے افسران کے ان تھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ٹیکس دہندگان، تاجر برادری اور خیبر پختونخوا کے لوگوں کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا۔ ہم اپنے معزز ٹیکس دہندگان سےمستقبل میں بھی اسی طرح کے تعاون کی امید کرتے ہیں۔