انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے ضم ضلع اورکزئی میں نئے تعمیر شدہ جدید اور تمام سہولیات سے آراستہ ڈسٹرکٹ پولیس آفس، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی دفاتر اور کرک میں نو قائم شدہ جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی عمارت کا افتتاح کردیا۔ پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ پولیس عمارتوں کی اس افتتاحی تقریب کے دوران ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ شیر اکبر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد عمر خان، پی ایس او ٹو آئی جی پی فرحان خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اورکزئی صلاح الدین کنڈی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک خانخیل خان،، ایس پی سی ٹی ڈی کوہاٹ ریجن سجاد خان، ایس پی سپیشل برانچ کوہاٹ ریجن صفدر خان، ایس پی سٹی ڈویژن کوہاٹ فاروق زمان اور دیگر پولیس حکام بھی موجود تھے۔انسپکٹر جنرل آف پولیس کو نئی تعمیر شدہ بلڈنگز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی جی پی خیبر پختونخوا اختر حیات خان گنڈاپور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں ایسی مزید بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو جدید ساز و سامان اور آلات حرب سے لیس کریں گے. بلڈنگز کا تعمیراتی کام مکمل ہوتے ہی پولیس دفاتر میں استعمال ہونے والا سامان فراہم کر دیا گیا ہے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی کے قیام کا مقصد دہشت گردی اور مختلف جرائم کا مکمل خاتمہ کرنا ہے جبکہ سپیشل برانچ کی انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کی بدولت صوبہ بھر میں امن وامان کے مطلوبہ اہداف حاصل کئے جا رہے ہیں. آئی جی پی کا کہنا تھا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا بنیادی مقصد ہر قسم کے جرائم بالخصوص اسٹریٹ کرائمز سے نمبٹنے، گاڑیوں کی چوری کا بروقت و بہتر سدّباب اور پولیس تنصیبات کی حفاظت جدید ٹیکنالوجی اور آلات کے استعمال کے ذریعے یقینی بنانا ہے. اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ پولیس کو بھی جدید طرز پراستوار کیا جا رہا ہے تاکہ شہروں میں جو چھوٹے موٹے واقعات رونما ہو رہے ہیں ان کا بھی خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔
آئی جی پی کا کہنا تھا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں ہے۔ ہر کسی کو قانون پر عمل کرنا ہوگا۔
صوبے میں شہدا کی قربانیوں سے قائم امن وامان کو خراب کرنے کی اجازت ہرگز نہیں ہوگی جو بھی شخص امن و امان کو خراب کرنے میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے قریبی اور دوستانہ تعلقات سے مختلف جرائم کا خاتمہ ممکن ہوسکتا ہے لہذا موجودہ حالات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی نے پولیس حکام کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی. پولیس کلب کوہاٹ میں منعقدہ اجلاس میں آئی جی پی کو کوہاٹ ریجن میں امن و امان، جرائم کی شرح اور پولیس کی استعداد کار اور انسداد جرائم کے حوالے سے کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں آئی جی پی کو ضم اضلاع سمیت کوہاٹ ریجن کے مختلف شہروں میں ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کے کاؤنٹر ٹیررازم اور انسداد جرائم کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات، پیشہ ورانہ کارکردگی اور اہم کارروائیوں پر بھی بریفنگ دی گئی جس پر آئی جی پی نے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ دہشتگردی اور درپیش چیلنجز سے بہتر طور پر نبرد آزما خیبر پختونخوا پولیس امن کی ضامن بن چکی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس کی ویلفیئر کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور سی ٹی ڈی سمیت صوبے کی پولیس فورس کے انفراسٹرکچر اور مالی مراعات کو مطلوبہ ضروریات کے مطابق لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور قیام امن کے مقاصد کو حاصل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔