Conducted Trials at PCB U19 Talent Hunt Programme, Peshawar

پی سی بی انڈر19 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام، پشاور میں ٹرائلز کا انعقاد

 پاکستان کرکٹ بورڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سلسلے میں ڈسٹرکٹ پشاورانڈر19 خواتین کے ٹرائلز قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقد ہوئے جس میں سو سے زائد خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی ٹرائلز پاکستان کرکٹ بورڈ کے کوالیفائیڈ کوچز اسد شفیق اور فاطمہ بتول کے زیرنگرانی منعقد ہوئے اس موقع پر پی سی بی کی اسسٹنٹ منیجر آپریشن ویمنز کرکٹ حسینہ خوشبو بھی موجود تھیں۔ جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ملک میں باصلاحیت خواتین کرکٹرز کی تلاش کے لیے گراس روٹ لیول پر ٹرائلز کا انعقاد کررہا ہے جس کے تحت خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات پرٹرائلز کا انعقاد کیاجارہا ہے۔انکا کہنا تھا کہ ٹرائلز کے زریعے خواتین کرکٹرز کو اپنی صلاحیت دکھانے اور آگے بڑھنے کا موقع فراہم کریں گے۔ ٹرائلز سے سلیکشن کمیٹی کو ٹیلنٹ تلاش کرنے اور پاکستان انڈر 19 خواتین اور ایمرجنگ اسکواڈز کے سلیکشن میں مدد ملے گی۔حسینہ خوشبو کا کہنا تھا کہ پی سی بی کے زیر اہتمام ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں ٹرائلز کے ذریعے ہم نئی باصلاحیت کرکٹرز کو آگے لانے کے لیے کوشاں ہیں اور آنے والے دنوں میں خواتین کرکٹرز کے کئی ایونٹس ہیں اور ان ٹرائلز سے ہمیں بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مدد ملے گی تاکہ سلیکٹرز انہیں قومی اسکواڈز کے لیے زیرغور لاسکیں۔انہوں نے کہا کہ مردان کے ٹرائلز 28 اگست کو مردان سپورٹس کمپلیکس میں ہوں گے جبکہ ایبٹ آباد کے ٹرائلز 29 اگست کو ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم میں ہوں گے۔ ٹرائلز میں یکم ستمبر 2005 یا اس کے بعد پیدا ہونے والی کھلاڑی حصہ لے سکیں گی۔خواہشمند کھلاڑیوں کو تمام ضروری دستاویزات ساتھ لانے اور فارم آن لائن بھرنے کا کہا گیا ہے

Aqeel Yousafzai editorial

خواجہ آصف کے الزامات اور علیمہ خان کا دورہ پشاور

خواجہ آصف کے الزامات اور علیمہ خان کا دورہ پشاور

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پی ٹی آئی کو سازشوں ، پاکستان مخالف لابنگز اور 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار قرار دینے کے علاوہ گولڈ سمتھ کمپین کا سرخیل بھی قرار دے دیا ہے اور کہا ہے کہ اس پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کے لیے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے علاوہ عالمی میڈیا کے بعض حلقوں کو بھی فنڈنگ کے ذریعے استعمال کیا گیا اور یہ مہم ریاست مخالف سرگرمیوں کے زمرے میں آتا ہے ۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو بزدار 2 کا نام دیکر کہا ہے کہ موصوف نہ صرف بدترین کرپشن میں ملوث ہیں بلکہ ان سے صوبے میں ان کی اپنی کابینہ اور پارٹی بھی سنبھالی نہیں جارہی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں سابق وزیراعظم کی دو خواتین رشتہ داروں کی لڑائی جاری ہے اور اعظم سواتی ، گنڈاپور کے ذریعے ایک اور گیم کھیلنے کی تفصیلات نے بھی بہت کچھ بے نقاب کردیا ہے ۔

دوسری جانب عمران خان صاحب کی ہمشیرہ نے صوبائی حکومت اور پارٹی قیادت کے ” مشکوک کردار” پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے عمران خان کی رہائی کے لیے کوششیں کرنے والے عہدے داروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں بلکہ یہ اعلان بھی کیا کہ وہ اپنے بھائی کی رہائی کی جدوجہد کو خود لیڈ کرے گی ۔

معتبر صحافتی حلقوں کی اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور صوبائی کابینہ کے بعض وزراء ، مشیروں نے علیمہ خان کے دورہ پشاور کی اطلاع پاکر ان سے بات کرنے اور ملاقات کرنے کی بہت کوشش کی مگر موصوفہ نے بات تک کرنے سے انکار کرتے ہوئے یہاں تک کہا کہ وہ ” غداروں” سے بات بھی نہیں کرنا چاہتی ۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیر اعلیٰ نے بعض ہم خیال پی ٹی آئی عہدے داروں سے علیمہ خان کی مخالفت اور اپنی حمایت میں بیانات بھی جاری کروائےجن میں دوسروں کے علاوہ سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی بھی شامل ہیں جن کو وزیر اعلیٰ نے پھر سے یقین دھانی کرائی ہے کہ انہیں مشیر یا معاون خصوصی بنایا جاسکتا ہے ۔ ذرایع کے مطابق بشریٰ بی بی اور علیمہ خان کے درمیان جاری کشیدگی نے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور پارٹی دو بڑے گروپوں میں تقسیم ہوکر رہ گئی ہے ۔ یہی صورتحال صوبائی کابینہ کو بھی درپیش ہے جس نے کارکنوں کو نہ صرف پریشان کردیا ہے بلکہ وزیر اعلیٰ کے خلاف ان کے غصے میں مزید اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے ۔

ذرائع کے مطابق بعض حساس اداروں نے اس بات یا تاثر کا بھی سخت نوٹس لیا ہے کہ وزیر اعلیٰ اور بعض وزراء اپنے کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لیے بعض اہم اداروں کا نام استعمال کرتے آرہے ہیں ۔ اس ضمن میں بعض وزراء اور بیوروکریٹس سے جواب طلبی کی اور ” سرزنش” کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں ۔

عقیل یوسفزئی

Swat: One-day awareness seminar on public accidents for journalists سوات

سوات: صحافیوں کیلئے عوامی حادثات بارے میں ایک روزہ  آگاہی  سیمینار کا انعقاد

 پاکستان ہلال احمر سوات برانچ نے کبل پریس کلب کے صحافیوں  کے لیے ہتھیاروں کی آلودگی، بارودی سرنگوں، نہ پھٹنے والے آرڈیننس (UXOs) اور دیسی ساختہ دھماکہ خیز آلات (IEDs) کے خطرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں عوامی حادثات اور زخمیوں کو روکنے کیلئے محفوظ رویوں اور طریقوں کو فروغ دینے کی اہم ضرورت پر زور دیا۔ سیمینار جس میں کبل کے صحافیوں نے شرکت کی۔معاشرے پر ان ہتھیاروں کے مضر اثرات پر گہرائی سے بات چیت کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کیا۔ فرہاد علی نے ریڈ کریسنٹ اور آئی سی آر سی کے قیام اور وجود میں آنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ لال احمر کے ماہرین مقررین جس میں سوات برانچ کا سیکرٹری سمیع اللہ ، ملک فرہاد علی ، عمران خان اور دلدار علی نے بھی خطاب کیا ۔جس میں انہوں  نے درست معلومات کو پھیلانے اور عوام کو ان خطرات کی شناخت اور ان سے بچنے کے بارے میں تعلیم دینے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

Mardan: Awareness session on safe and legal migration by Migrant Resource Center Peshawarمردان

مردان: مائیگرنٹ ریسورس سنٹر  پشاور کی جانب سے محفوظ اور قانونی ہجرت پر آگاہی سیشن

غیر سرکاری تنظیم لیبر ایجوکیشن آرگنائزیشن مردان کے زیر اہتمام ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر پشاور کے تعاون سے یونین کونسل بابینی مردان میں شہریوں کیلئے محفوظ اور قانونی ہجرت پر آگاہی سیشن کا انعقاد کیا۔ اس آگاہی سیشن کا مقصد تمام لوگوں کو بیرونِ ملک ملازمت،تعلیم یا رہائش کی غرض سے ہجرت کے حوالے سے مستند معلومات فراہم کرنے کے علاوہ غیر قانونی ہجرت اور اس سے جڑے خطرات کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا تھا۔ سیشن سے ما ئیگرنٹ ریسورس سنٹر پشاور کے کونسلرحسین ابدالی اور لیبر ایجوکيشن کے حسن حسا س کا کہنا تھا کہ اگر ہجرت کا ارادہ ہو تو ہمیشہ قانونی ہجرت کا انتخاب کریں اور اپنی جان و مال کی حفاطت کریں۔ زیادہ تر لوگ ہجرت کا انتخاب بہتر مستقبل کے حصول کے لیے کرتے ہیں اورتحقیق کے مطابق غیرقانونی ہجرت کواپنانے کی بنیادی وجہ مستند معلومات کا فقدان ہے۔ زیادہ تر لوگوں کا یہ خیال ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے ذریعے اپنے پسندیدہ ملک باآسانی، کم پیسوں میں اور جلد پہنچ جائیں گے جبکہ سچائی اسکے برعکس ہے۔سیشن میں یہ بھی بتایا گیا کہ بیرونِ ملک ملازمت کی تلاش کے لیے ہمیشہ حکومت کی جانب سے رجسٹرڈ لائیسنس یافتہ بھرتی کی ایجنسی یا حکومت کے قائم کردہ اورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن سے رابطہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ ایم آرسی ان آگاہی سیشن کا انعقاد پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں کررہا ہے تاکہ لوگوں کو قانونی اور محفوظ ہجرت کے بارے میں تمام معلومات مفت فراہم کی جاسکے۔شرکاء نے معلومات کو بہت مفید قرار دیا۔اور ایم آرسی کی کاوششوں کو سراہا۔