سکواش پلیئر ابراہیم محب کی انڈر 19میں پہلی پوزیشن
پاکستان آرمی کے باصلاحیت کھلاڑی نیشنل چیمپئن ابراہیم محب انڈر19 نمبرون پوزیشن مستحکم کرکے سکواش کھیل میں عروج کی جانب گامزن ہیںوہ اپنی زبردست کارکردگی اور مستقل محنت کی بدولت نیشنل رینکنگ میں انڈر 19 میںپہلی پوزیشن پر براجمان ہیں‘ پاکستان سکواش فیڈریشن کی جاری کردہ حالیہ نئی رینکنگ کے مطابق ابرہیم محب نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹاپ پوزیشن سنبھال لی ہے۔ یہ واحد کھلاڑی ہیں جو تسلسل کے ساتھ اپنی کارکردگی میں نکھار لا رہے ہیں‘ جنہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا آسٹریلیا اور جاپان کی جونیئر چیمپئن شپ میں بھی منوایا ہے۔ابرہیم محب پاکستان نمبرون اورنیشنل انڈر 17 چیمپئن بھی ہیں ‘ابرہیم محب نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کھیل کے ساتھ اپنی جسمانی فٹنس پر بھی بھرپور توجہ دیتے ہیں۔ ان کے دن کا آغاز صبح کے وقت ایک سے دو گھنٹے کی سخت ورزش سے ہوتا ہے جس کے بعد وہ سکواش کورٹس میں بھرپور ٹریننگ کرتے ہیں۔ اس کے بعد دوپہر کو دوبارہ ٹریننگ کرتے ہیں تاکہ ان کی جسمانی و ذہنی صلاحیتوں کیساتھ انکے کھیل میں مزید نکھار پیدا ہو سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ سکواش کے سابق عالمی چیمپئنز جان شیر خان، جہانگیر خان، محب اللہ خان، اور قمر زمان جیسے لیجنڈز ان کے لیے ایک تحریک ہیں، اور وہ ان عظیم کھلاڑیوں کی طرح عالمی چیمپئن بننا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ شبانہ روز محنت کررہے ہیں‘ابرہیم محب کی تربیت میں ان کے کوچز کا کردار بھی ناقابلِ فراموش ہے، جو نہ صرف ان کی تکنیکی مہارتوں کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ان کے حوصلے اور عزم کو بھی بڑھاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک روز ضرور عالمی چیمپئن بننے میں کامیاب ہوں گے‘ وہ اس سال دسمبر میں سکاٹش جونیئر چیمپئن شپ میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں اور امید ہے کہ وہ اس میں بھی کامیاب ہوں گے۔
آل پاکستان نیشنل جونیئر بوائز انڈر15 اور 17 سکواش مقابلے پشاور میں شروع
خیبر پختونخوا سکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام آل پاکستان نیشنل جونیئر بوائز انڈر 15 اور انڈر 17 سکواش چیمپئن شپ قمر زمان سکواش کمپلیکس قیوم سٹیڈیم پشاور میں شروع ہو گئی. پانچ روزہ ایونٹ میں پنجاب، پی اے ایف کے پی، اور سندھ سے 62 سے زیادہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شرکت کررہے ہیں. خیبرسکواش ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر احسان اللہ خان مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ سابق عالمی چیمپئن قمر زمان. پی اے ایف اکیڈمی کے ڈائریکٹر گروپ کیپٹن عرفان اصغر، کے پی سکواش ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری منصور زمان، لیجنڈو سابق چیمپئن محب اللہ خان، سینئر کوچ اور چیف آرگنائزر منور زمان، سینئر کوچ طاہر اقبال, کوچز امجد خان، محمد عمیر، امان اللہ خلیل، فضل محمود، فنانس سیکرٹری وزیر محمد، چیف ریفری محمد عادل فقیراور دیگر شخصیات موجود تھیں. گزشتہ روز ہونیوالے انڈر17 پہلے راﺅنڈ کے میچوں میں پی اے ایف کے ایم عمیر عارف, پنجاب کے عمر فاروق, سیف اللہ خان, پی اے ایف کے ایم علی خان, عبداللہ زمان, ایم ریحان عالمگیر, ایم حزہ خان, مبین خان, کے پی کے عبید اللہ, پی ے ایف کے یحییٰ اسد, پنجاب کے فصیح الرحمان, پنجاب کے مصطفی آزاد, پی اے ایف کے حارث زاہد, مصطفی عرفان, محمد فرقان اور پاک آرمی کے ایم اذان علی نے اپنے میچ جیت لئے. اس موقع پر سکواش لیجنڈ قمر زمان نے کہا کہ مقابلوں کے انعقاد کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو اوپر آنے کے مواقع فراہم کرنا ہیں اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور یہی کھلاڑی مستقبل میں ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کریں گے۔
خیبرپختونخوا ویمن بیڈمنٹن چیمپئن شپ مانسہرہ میں شروع
خیبرپختونخوا ویمن بیڈمنٹن چیمپئن شپ مانسہرہ میں شروع ہوگئی۔ جس میں صوبے بھر سے خواتین کھلاڑی شرکت کررہی ہیں۔ چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح ڈپٹی کمشنر مانسہرہ خالد اقبال خٹک نے کیا ان کے ہمراہ خاتون اسسٹنٹ کمشنر مانسہرہ منیبہ فاطمہ، اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ بشارت شاہ ،صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری محمد امجد خان ، آرگنائزنگ سیکرٹری بشریٰ ، کوچز حیات اﷲ ، ندیم خان ، فنانس سیکرٹری میاں صداقت شاہ سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔ کمشنر ہزارہ ظہیر السلام کی خصوصی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس مانسہرہ اور صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے باہمی اشتراک سے خیبرپختونخوا ویمن بیڈمنٹن چیمپئن شپ ضلع مانسہرہ میں شروع ہوگئی ہے چیمپیئن شپ میں خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔ جن میں پشاور ، چارسدہ ، سوات ، مردان ، نوشہرہ ، کوہاٹ ، صوابی ، ایبٹ آباد ، ہری ہور ، اور مانسہرہ کے کھلاڑی شامل ہیں۔ مانسہرہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کے اتنے بڑے ایونٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔۔ چیمپیئن شپ کے ریفری کے فرائض محمد امجد خان سیکریٹری جنرل خیبرپختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن سر انجام دے رہے ہیںجبکہ چیف ایمپائر کے فرائض زرک خان سر انجام دے رہے ہیں۔ چیمپیئن شپ کا فائنل 15 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ چیمپیئن شپ میں خواتین کے سنگلز اور ڈبلز کے مقابلے منعقد کرائے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کی زیرصدارت پاک آسٹریا فحشو لے انسٹیٹیوٹ کے اجلاس کا انعقاد
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت پاک آسٹریا فحشولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ہری پور کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریکٹر ڈاکٹر محمدمجاہد،پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈاکٹر ناصر علی خان نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ گورنر کو ادارہ کے بورڈ آف گورنرز کے ڈھانچہ، اراکین کے انتخاب سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ گورنر کو ادارہ کے اندر مستقبل قریب میں اسکول آف میڈیسن، ڈینٹسٹری اینڈ الائیڈ سائینسز کے آغاز سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ یونیورسٹی میں جرمنی، آسٹریا، چائینہ سمیت دیگر ممالک کیساتھ شراکتی فنی تعلیم کی ڈگری فراہم کی جاتی ہے۔
ادارہ میں اس وقت آرٹیفیشیل انٹیلیجنس، ریلوے ٹیکنالوجی، مکینیکل انجنئیرنگ سمیت اپلائیڈ سائینسز میں 4 ہزار سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ ادارہ کے 56 طلبہ جرمنی، چائینہ، آسٹریا سمیت دیگر شراکتی ممالک میں اسکالر شپس پر تعلیم حاصل کر رہےہیں۔ یونیورسٹی فیکلٹی کی ادارہ جاتی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے شراکتی ممالک بجھوایا جاتا ہے۔ یونیورسٹی میں ٹیکنالوجی پارک کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ فحشولے یونیورسٹی کا جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم سے متعلق ایک بہترین نظام ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم کے ساتھ صنعتوں میں تربیتی عمل وقت کی ضرورت ہے۔ آسٹریا سمیت دیگر ممالک میں اساتذہ اور طلباء وطالبات کے تبادلے سے بلاشبہ یہاں کے طلباء و طالبات کو تعلیمی و عملی میدان میں کامیابیاں حاصل ہوں گی۔ ہنرمنداور دور حاضر کے جدید ٹیکنالوجی سے طلبہ کو لیس کر کے انکا مستقبل تابناک بنایاجاتا ہے۔
اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے
اسلام آباد اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے پشاور، ایبٹ آباد، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ اور بونیر میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ مہمند، شبقدر اور اٹک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کا مرکز ہندوکش ریجن افغانستان تھا۔ زلزلے کے بعد لوگوں نے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کر دیا اور بعض مقامات پر لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔
چترال: انٹر سکول لٹیریری کمپیٹیشن کےمقابلے اختتام پذیر
کنوینر لٹیریری کمپیٹیشن محترم جناب ثناءاللہ ثانی پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بمبوریت کی صدارت میں مقابلے کا آغاز ہوا۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت مولانا قاری وقار احمد استاذ جی ایچ ایس بلچ نے حاصل کی۔ نعت رسولِ مقبول معروف سینیئر نعت خواں قاری شمس الدین ایس ایس ٹی گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول موری لشٹ نے پیش کیا۔ نقابت کے فرائض راقم نے انجام دیا۔ مقابلہ حسنِ قرات میں پہلی پوزیشن قاضی صبغت اللہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش نے حاصل کی اور دوسرے نمبر پر گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائی سکول کے صابر حسین ائے۔ حمد باری تعالیٰ کے مقابلے میں پہلی پوزیشن جنید حیات گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے حصے میں آئی اور اصغر دورانی گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول موری لشٹ دوسری پوزیشن کے حقدار ٹھہرے۔ مقابلہ آذان محمدی میں ڈائمنڈ پبلک سکول اینڈ کالج کے عماد بشیر نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔نعت خوانی کے مقابلے میں گورنمنٹ ہائی سکول بلچ کے روحان احمد نے پہلی پوزیشن جبکہ شہزادہ سدیس گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ قومی ترانے کے مقابلے میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے حذیفہ اور اس کی ٹیم اول آئے جبکہ دوسرے نمبر پر گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائی سکول چترال کے عیان اور ان کے ساتھی رہے۔ ملی نغمے کے مقابلے میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے ارحام اور گروپ نے حاصل کیا اور دوسری پوزیشن چترال پبلک سکول اینڈ کالج کے عبد اللہ اور گروپ نے حاصل کی۔ اُردو تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن گورنمنٹ ہائی سکول کوغذی کے صابر اللہ جبکہ دوسری پوزیشن فرنٹیئر کور پبلک سکول دروش کے نعمان الہی نے حاصل کی۔انگلش تقریری مقابلے میں گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائی سکول چترال کے تنزیل الرحمن نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے اریب اللہ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔ مقابلہ اردو مضمون نویسی میں آغا خان ہایئر سیکنڈری سکول کے توحید الرحمان نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مقابلہ مضمون نویسی انگلش میں بھی آغا خان ہایئر سکینڈری سکول چترال کے صاحب نذیر نے پہلی اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش کے امتیاز احمد نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ کوئز کمپٹیشن میں دی لینگ لینڈ سکول اینڈ کالج چترال کے علی مرتضیٰ اور افیاض الدین نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ فرنٹیئر کور پبلک سکول دروش کے کاشف احمد نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
پوسٹر میکنگ کے مقابلے میں الناصر کمیونٹی بیسڈ سکول اینڈ کالج گرم چشمہ کے فیضان احمد نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول عشریت کے ضیاء الرحمن نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ پروگرام کے مہمان خصوصی پریذیڈنٹ انٹر سکول اسپورٹس اینڈ لیٹریری فیسٹیول 2024 جناب شاہد حسین ڈپٹی ڈی ای او میل لوئر تھے۔مختلف مقابلوں کے مہمان خصوصی کے طور پر محترم جناب سلیم کامل پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول دروش ، حاجی فاروق اعظم ڈپٹی ڈسٹرکٹ اسپورٹس سیکرٹری ، اے ڈی او سپورٹس جناب اکبر حسین صاحب ، ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر ،مولانا نثار احمد سبجیکٹ اسپیشلسٹ گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول آیون ، ظہور الہی سبجیکٹ اسپیشلسٹ انگلش گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول موری لشٹ ، محمد اسماعیل جنرل سیکرٹری پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک ، فرید احمد پرنسپل چترال پبلک سکول شریک محفل رہے۔ مختلف مقابلوں کے لئے ججز کے پینل میں کنوینئر لٹیریری کمپیٹیشن جناب ثناءاللہ ثانی ، نثار احمد سبجیکٹ اسپیشلسٹ ، عبد الفتاح ایسوسی ایٹ پروفیسر انگلش، ظہور الہی سبجیکٹ اسپیشلسٹ انگلش ، طارق قاسم سبجیکٹ اسپیشلسٹ انگلش ، عبد اللہ شہاب لیکچرر اردو گورنمنٹ ڈگری کالج چترال ،مولانا سفیر اللہ ، مفتی فضل شاہ ،مولانا حسن الدین اور ولی زمان مسرور نے ججمنٹ کے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کی سرپرستی محترم جناب شاہد جلال صاحب ڈسٹرکٹ سپورٹس سیکرٹری و پرنسپل گورنمنٹ سینٹینئل ماڈل ہائی سکول چترال نے کی جبکہ نگرانی کنوینر لٹیریری کمپیٹیشن ثناء اللہ ثانی کی قیادت میں محمد عالمگیر بخاری سبجیکٹ اسپیشلسٹ ، عبد الحفیظ خان سبجیکٹ اسپیشلسٹ ، عبد العزیز خان ایس ایس ٹی اور ڈاکٹر قاضی محب الرحمان نے کی۔ پروگرام میں پوزیشن ہولڈرز کو شیلڈ دینے کے ساتھ ججز حضرات اور منتظمہ کمیٹی کو بھی اپریسی ایشن سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔ محترم سلطان محمد ایس ایس ٹی ، محترم جناب سلیم کامل پرنسپل ، محترم شاہد جلال ڈسٹرکٹ سپورٹس سیکرٹری ، محمد عالمگیر بخاری سبجیکٹ اسپیشلسٹ نے خطاب کیا۔ مہمان خصوصی جناب شاہد حسین ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر چترال لوئیر نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس سیکرٹری جناب شاہد جلال صاحب اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور بہترین پروگرام کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا اور طلبہ کو بہترین نصائح سے نوازا اور اگلے ڈویژنل لیول کے مقابلوں کے لئے بھرپور تیاری کے لئے زور دیا ۔ پروگرام مولانا سفیر اللہ کی دعائیہ کلمات سے اختتام پذیر ہوا۔
اے ایس آئی ولی محمد خان کی نماز جنازہ پولیس لائن مردان میں ادا کر دی گئی
تخت بھائی سرکل میں واقع چوکی گارو شاہ کے انچارج اے ایس آئی ولی محمد خان کی نماز جنازہ آج پولیس لائن مردان میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر آر پی او مردان نجيب الرحمان بګوی، ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی، ڈی سی مردان سمیت پولیس افسران اور ساتھی اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔ ڈی پی او مردان ظہور بابر آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ “شہید ولی محمد خان کی قربانی نے ثابت کیا ہے کہ مردان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمیشہ پرعزم ہے اور یہ قربانی ہمارے عزم کو مزید تقویت بخشتی ہے۔
یاد رہے کہ اے ایس آئی ولی محمد خان آج چوکی گارو شاہ میں دوران ناکہ بندی جانوں کلے کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔ اطلاعات کے مطابق اے ایس آئی ولی محمد خان اور ان کی ٹیم نے مشتبہ ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا، جس پر ملزمان نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس سے ولی محمد خان شدید زخمی ہوگئے اور اسپتال میں دم توڑ گئے۔ واقعے کے فوراً بعد ڈی ایس پی تخت بھائی سرکل شکیل خان اور ایس ایچ او اقبال حسین خان بھاری نفری اور رائڈر اسکواڈ کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
بی آر ٹی روٹ پربسوں اور ویگنوں کا داخلہ ممنوع قرار
صوبائی دارلحکومت پشاور میں بی آر ٹی روٹ پر بسوں اور ویگنوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا ہے۔اس حوالے سے پشاور میں ٹریفک کی بھیڑ اور رکشہ / لوڈر کے مسائل کے متعلق کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی کمیٹی نے بی آر ٹی روٹ پر بسوں اور ویگنوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا اس کے ساتھ ساتھ دیگر راستوں پر بھی رکشوں کا داخلہ ممنوع قرار دیا گیا جن میں خیبر روڈ، یونیورسٹی روڈ پر تہکال سے اسلامیہ کالج تک اور مین صدر روڈ پر سٹیٹ بینک سے بلور پلازہ تک شامل ہیں۔ اس اقدامات کا مقصد پشاور میں ٹریفک کے مسائل پر قابو پانا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں ’’ہیلپننگ ہینڈ فار ریلیف‘‘ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد
گورنر ہاؤس پشاور میں ہیلپننگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈیویلپمنٹ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ گورنر نے تقریب میں امتحانی بورڈز سمیت مختلف امتحانات میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے یتیم طلبہ میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈائریکٹر پروگرام ساجد علی چٹھہ نے گورنر خیبرپختونخوا کو ادارہ کے زیراہتمام ملک بھر میں 10 ہزار یتیم بچوں کی تعلیم و کفالت سے متعلق آگاہ کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت، علاج معالجہ اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی پر ہیلپنگ ہینڈ کی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ یتیم بچے معاشرے کی زیادہ توجہ و محبت کے طلبگار ہیں۔ تعلیمی میدان میں یتیم بچوں کو آگے دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے۔ یتیم بچوں کی پرورش اور انہیں معاشرے کا پروقار شہری بنانا ہماری اجتماعی زمہداریوں میں شامل ہے۔ یتیم بچے مجھے اپنا سرپرست اور گورنر ہاؤس کو اپنا گھر سمجھیں۔ آپ بچوں نے کبھی احساس محرومی اور خود کو اکیلا نہیں سمجھنا ہے۔