New party position of 334 seats in National Assembly after allotment of reserved seats

پختونخوا اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل کو ارباب نیاز اسٹیڈیم میں ہوگا

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق صوبائی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل 2026 بروز بدھ سہ پہر 3 بجے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم (عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم) میں منعقد ہوگا۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کی ہدایت پر آئین اور قواعد کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے طلب کیا گیا ہے، جو صوبائی اسمبلی کے طریقہ کار و قواعد 2025 کے مطابق منعقد ہوگا۔

اسپیکر نے ہدایت جاری کی ہے کہ اجلاس کے دوران تمام انتظامی سیکرٹریز کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ ایوان کی کارروائی مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھائی جا سکے۔

مزید برآں اراکین اسمبلی کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مراسلے کی نقول متعلقہ اعلیٰ حکام کو برائے معلومات اور ضروری کارروائی ارسال کر دی گئی ہیں۔

IMG-20260420-WA0003

خیبرپختونخوا پولیس ویلفیئر کے اقدامات مؤثر بنانے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا پولیس کے ویلفیئر اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے سنٹرل پولیس آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کی۔

اجلاس میں پولیس ویلفیئر سے متعلق جاری اور مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر میڈیکل فنڈ، تعلیمی وظائف (اسکالرشپس) اور دیگر ویلفیئر فنڈز کے دائرہ کار، شفافیت اور بروقت فراہمی کے امور پر غور کیا گیا۔ ساتھ ہی رہائشی اسکیموں، مالی معاونت اور اہلکاروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں بہتری کے اقدامات بھی زیر بحث آئے۔

اجلاس میں پولیس پبلک اسکولز کے معیارِ تعلیم کو بہتر بنانے، انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن اور نئی سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی پیز، کمانڈنٹ ایف آر پی، سی سی پی او پشاور اور مختلف ریجنز کے ڈی آئی جیز نے شرکت کی اور اپنی تجاویز پیش کیں۔

آئی جی پی ذوالفقار حمید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا ہر افسر اور جوان ادارے کا قیمتی اثاثہ ہے اور ان کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام ویلفیئر فنڈز کو میرٹ، شفافیت اور تیز رفتار طریقہ کار کے تحت مستحق اہلکاروں تک پہنچایا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ میڈیکل فنڈ کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ اہلکاروں کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں، جبکہ اسکالرشپ پروگرام کو وسعت دے کر زیادہ سے زیادہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو اس سے مستفید کیا جائے۔ آئی جی پی نے پولیس پبلک اسکولز کے معیار میں بہتری اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے اختتام پر افسران کو ہدایت کی گئی کہ ویلفیئر منصوبوں کی باقاعدہ مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور ان پر عملدرآمد کی رفتار تیز کی جائے تاکہ پولیس فورس کے اہلکاروں کو بروقت زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Delimitation of Village Councils and 11 Cantonment Boards in 23 districts of the province

صوبے کے 23اضلاع میں ویلیج کونسلوں اور 11 کینٹونمنٹ بورڈز کی حلقہ بندی

صوبے کے 23اضلاع میں ویلیج کونسلوں اور 11 کینٹونمنٹ بورڈز کی حلقہ بندی، حتمی فہرستیں شائع کردی گیں،۔ یہ فہرستیں متعلقہ اضلاع میں الیکشن کمیشن کے ضلعی دفاتر میں دستیاب ہیں۔ ابتدائی فہرستوں پر دائر اعتراضات کو ریجنل الیکشن کمشنرز جو کہ ڈیلیمیٹیشن اتھارٹیز مقرر کئے گئے تھے ، نے 15 اپریل 2026 تک نمٹا دئے تھے۔ مجموعی طور پر ویلیج کونسلوں کی فہرستوں پر 158 اور کینٹونمنٹ بورڈز میں وارڈز کی فہرستوں پر 28 اعتراضات جمع ہوئے ھے۔

Pak-Egypt joint military exercise “Thunder-II” successfully completed in Cherat

پاکستان اور مصر کی مشترکہ فوجی مشق “تھنڈرII” کامیابی سے مکمل

راولپنڈی (ویب ڈیسک): پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور مصر کی افواج کے درمیان انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر مبنی دو ہفتے طویل مشترکہ مشق “تھنڈر-II”  خیبر پختونخوا کے علاقے چراٹ  میں کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشق کا مقصد مشترکہ تربیت کے ذریعے انسداد دہشت گردی سے متعلق آپریشنز،  طریقہ کار اور تکنیکوں کو مزید بہتر بنانا اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔ مشق میں پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ (SSG) اور مصری اسپیشل فورسز کی جنگی ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا اور پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔اختتامی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ مصری پیراٹروپرز کے کمانڈر میجر جنرل محمد سعد عبدالرازق اور مصر کے دفاعی اتاشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشترکہ مشق سے پاکستان اور مصر کے درمیان دیرینہ اور تاریخی عسکری تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملے گی۔

Sports News

پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کا WFKO جاپان سے الحاق

پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن کو ورلڈ فل کنٹیکٹ کراٹے آرگنائزیشن (WFKO) جاپان کی جانب سے باضابطہ الحاق (Affiliation) مل گیا ہے، جسے ملکی سطح پر کراٹے کے فروغ کے لیے ایک اہم اور تاریخی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
ورلڈ فل کنٹیکٹ کراٹے آرگنائزیشن دنیا کی ایک مضبوط اور متحدہ تنظیم سمجھی جاتی ہے، جس سے متعدد ممالک وابستہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق چند سال قبل انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کی ہدایات پر اس تنظیم نے دنیا بھر کی فل کنٹیکٹ کراٹے تنظیموں کو اپنے ساتھ الحاق کی دعوت دی تھی۔
اسی تناظر میں پاکستان فل کنٹیکٹ کراٹے فیڈریشن (شن کیوکوشن کائی) کے صدر شیہان محمد ارشد جان، جو ایشیا میں (WKO) کے بورڈ ممبر بھی ہیں، نے الحاق کے لیے باضابطہ درخواست جمع کروائی۔ افیلیشن کمیٹی نے درخواست کا جائزہ لینے کے بعد اسے منظور کرتے ہوئے الحاق کا لیٹر جاری کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری و برانچ چیف (WKO) جاپان (سینسی) صاحبزادہ الہادی نے برانچ چیفس فرہاد شینواری، محمد عدیل، اشتیاق مغل اور قمبر عباس کے ہمراہ کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف فیڈریشن بلکہ پاکستان میں موجود تمام کیوکوشن تنظیموں کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کا کریڈٹ شیہان محمد ارشد جان کی قیادت اور کاوشوں کو دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملک بھر کی دیگر کیوکوشن تنظیموں کو بھی اس پلیٹ فارم سے منسلک کرنے اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مواقع فراہم کرنے کے لیے فیڈریشن کا اہم اجلاس مئی میں ہیڈکوارٹر لاہور میں منعقد کیا جائے گا، جس میں مستقبل کی حکمت عملی اور اہم فیصلوں کی منظوری دی جائے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاکستان میں فل کنٹیکٹ کراٹے کے فروغ، عالمی سطح پر نمائندگی اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

Mobile and internet service problems in Kalash Rombour Valley

وادی کالاش رومبور میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس مشکلات

وادی کالاش کے علاقے رومبور میں ٹیلی نار سروس کی بندش اور فور جی انٹرنیٹ کی خراب صورتحال کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں، جس سے مقامی آبادی اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی صحافی فتح اللہ کے مطابق ماضی میں علاقے میں انٹرنیٹ سروس تیز اور وسیع پیمانے پر دستیاب تھی، تاہم اب بیشتر مقامات پر فور جی سروس یا تو مکمل طور پر بند ہے یا انتہائی سست روی کا شکار ہے، جس سے رابطوں کا نظام متاثر ہو چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کالاش گرام میں قائم ٹیلی نار ٹاور پر بجلی کا کوئی مستقل بندوبست موجود نہیں، جبکہ نصب سولر سسٹم بھی ناکارہ ہو چکا ہے۔ مزید برآں فیول کی فراہمی میں تعطل کے باعث مواصلاتی نظام تقریباً مفلوج ہو گیا ہے۔
فتح اللہ کے مطابق فیول سپلائی سے متعلق انتظامی مسائل بھی درپیش ہیں، جبکہ متعلقہ عملہ کم تنخواہوں کے باعث مکمل وقت ڈیوٹی انجام دینے سے قاصر ہے، جس سے ترسیل میں تاخیر اور سروس کی بندش کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کے باعث کاروباری سرگرمیاں متاثر، آن لائن تعلیم معطل اور صحت کے شعبے میں ایمرجنسی سہولیات تک رسائی مشکل ہو گئی ہے۔ ٹیلی فون اور انٹرنیٹ کی عدم دستیابی کے باعث ہنگامی حالات میں مدد کا حصول بھی دشوار ہو چکا ہے۔ مقامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سولر سسٹم کی بحالی، فیول سپلائی میں بہتری، عملے کی مؤثر تعیناتی اور فور جی انٹرنیٹ کی مکمل بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے میں معمولاتِ زندگی بحال ہو سکیں۔

Qaqalisht Cricket Tournament: Brilliant performance by the Boney team

قاقلشٹ کرکٹ ٹورنامنٹ: بونی ٹیم کا شاندار کھیل

اپر چترال کے خوبصورت مقام قاقلشٹ میں منعقدہ سیزن ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ میں بونی کی ٹیم نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے موڑکھو کرکٹ کلب کو تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔ ٹورنامنٹ کے تینوں میچز میں بونی ٹیم نے متوازن اور منظم کھیل پیش کیا، جس کے باعث حریف ٹیم کو کسی بھی مرحلے پر برتری حاصل کرنے کا موقع نہ مل سکا۔ بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں بونی کے کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی نے سیریز کو یکطرفہ بنا دیا۔ یہ ٹورنامنٹ رواں سال سیزن ٹو کے طور پر منعقد کیا گیا، جبکہ گزشتہ برس اس کا پہلا ایڈیشن کھیلا گیا تھا۔ قاقلشٹ جیسے قدرتی حسن سے بھرپور مقام پر اس نوعیت کے مقابلے نہ صرف نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ علاقے میں کرکٹ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

Meeting on educational reforms in Khyber Pakhtunkhwa

خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات بارے اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیرِ صدارت شعبہ تعلیم میں جاری اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مجوزہ اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی، جبکہ شرح خواندگی میں تیز رفتار اضافے کے لیے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی اسکولوں کے قیام کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ڈبل شفٹ اسکول پروگرام میں توسیع، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کورسز کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پیش کردہ تجاویز پر مزید تفصیلی اجلاس طلب کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سے چھ ماہ کے دوران تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ایسے شعبے ہیں جو براہ راست عوام سے منسلک ہیں، اور صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ تعلیم کو ہمہ گیر تبدیلی سے ہمکنار کرنا حکومت کا حتمی ہدف ہے اور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں ای ٹرانسفر پالیسی، یکساں نصاب تعلیم، سیمسٹر سسٹم، مانیٹرنگ، اساتذہ کی تربیت، اسکول بیسڈ اسسمنٹ، ورچوئل اسکولنگ اور اے آئی کورسز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ شرح خواندگی میں اضافے اور جدید تعلیمی رجحانات کے فروغ کے لیے مجوزہ فریم ورک پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فالو اپ اجلاس جلد منعقد کیا جائے اور متعلقہ حکام پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔