Wisal Article

عالمی امن کیلئے پاکستان کی جدوجہد

وصال محمدخان
امریکہ اوراسرائیل کی جانب سے ایران پرجارحیت اوراسکے نتیجے میں جنگ چھڑنے سے لیکرتادم تحریرپاکستان امن کیلئے ان تھک کوششیں کررہاہے۔40 روزہ تباہ کن اورہولناک جنگ کے بعدیہ کوششیں کامیاب ہوئیں اوردونوں فریق دوہفتے کی جنگ بندی پرآمادہ ہوئے یہ دوہفتے پیر 21اپریل کو پورے ہورہے ہیں اس سے قبل پاکستان نے سرتوڑکوششیں کیں کہ یہ جنگ بندی مستقل ہواورمزیدنقصان سے بچا جائے۔ گزشتہ ہفتے اسلام آبادمیں ایران اورامریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی مذاکرات ہوئے جس میں مسلسل 21گھنٹے تک گفت وشنیدکے باوجود فریقین کسی معقول معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہے۔امریکی نائب صدرجے ڈی وینس نے وطن روانگی سے قبل کہاکہ اچھے مذاکرا ت ہوئے مگرہم کسی معاہدے تک نہ پہنچ سکے۔اس سے ایک حلقے نے یہ نتیجہ اخذکیاکہ پاکستان کی ثالثی میں ہونیوالے مذاکرات ناکام ہو گئے مگرپاکستان اپنی کوششوں میں تن من دھن سے مگن رہااوراسکے وزیراعظم،فیلڈمارشل اوروزیرخارجہ ہارماننے پرآمادہ نہیں ہوئے۔اسی سلسلے میں وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی عرب،قطراورترکئے کے دورے کئے جبکہ فیلڈمارشل عاصم منیرنے ایران کاتین روزہ دورہ کیا ایک اندازے کے مطابق خلیج جنگ کے آغازسے یہ تینوں شخصیات سترہزارکلومیٹرکاسفرکرچکے ہیں۔ ان دوروں کے نتیجے میں نہ صرف مستقل جنگ بندی بلکہ خطے میں دیرپاقیام امن کے حوالے سے بھی مشاور ت ہوئی۔پاکستان کی ان کوششو ں کودنیابھرمیں قدرکی نگاہ سے دیکھاجارہاہے اوراس سے پاکستان کے وقارمیں زبردست اضافہ ہواہے۔ یورپ،افریقہ اورایشیاسمیت پوری دنیاپاکستان کی ان کوششو ں کوقدرکی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔صرف دوممالک بھارت اور اسرائیل اسکی راہ میں روڑے اٹکانے کی مذموم کوششیں کررہے ہیں اسرائیل کبھی لبنان پرجنگ بندی معاہدے کے باوجودحملہ آور ہوتاہے توکبھی کوئی اورشرارت کرکے پاکستان کی امن کوششوں کوسپوتاژکرنے کی مذموم حرکات کاارتکاب کرتا آرہاہے جبکہ بھارت زہریلے میڈیا پروپیگنڈ ے کے ذریعے امن کی یہ کوششیں خراب کرنے کی سعی لاحاصل میں مبتلادکھائی دے رہاہے۔بھارت کایہ مکروہ چہرہ دنیاکودکھانے کی ضرورت ہے۔ خلیج جنگ کے نتیجے میں دنیاکی معیشت تباہی کی جانب گامزن ہے،امیرسمجھے جانیوالے ممالک کی سٹاک مارکیٹس کریش ہورہی ہیں،معشیتیں دباؤمیں ہیں،تیل اورگیس کابحران ہے،پٹرول پمپس پرقطاریں لگی ہوئی ہیں جبکہ خودبھارت میں لوگ گیس سلنڈرزاٹھائے دربدر،سڑکوں اوربازاروں میں ذلیل ہورہے ہیں، مگر گیس نہیں مل رہی۔بھارت میں پاکستان کی طرح پائپ لائنزکے ذریعے گیس دستیاب نہیں بلکہ سلنڈرزکے ذریعے لوگ اپنی ضروریات پوری کرنے پرمجبورہیں۔ دنیابھرکی طرح بھارت کوبھی تیل بحران کاسامناہے اسے امریکہ نے ایک ماہ کیلئے روس سے تیل خریدنے کی اجازت دی مگراب وہ مدت بھی ختم ہو چکی ہے۔یعنی دنیابھرکے تقریباًتمام ممالک توانائی بحران کاشکارہیں دنیامیں کسی کوبھی یہ بدترین بحران ٹالنے کی توفیق نہیں ہوئی حتیٰ کہ اقوام متحدہ جس کاقیام ہی اس مقصدکیلئے عمل میں لایاگیاتھاکہ یہ ادارہ دنیامیں تنازعات کاخاتمہ کریگامگروہ بھی غیرفعال ہوچکاہے۔ متمدن اور ترقیافتہ دنیاتیزی سے تیسری عالمی جنگ کی لپیٹ میں آرہی تھی کہ ایسے میں پاکستانی قیادت کوخدانے یہ توفیق عطافرمائی کہ وہ اس جنگ کو بندکروانے میں اپناکرداراداکرے۔پاکستان کی کوششیں تاحال درست سمت میں گامزن ہیں جس کے نتیجے میں دومتحارب فریق اسلام آباد میں مذاکرات کاایک راؤنڈکرچکے ہیں جبکہ دوسرے اورحتمی راؤنڈکی تیاریاں جاری ہیں۔پاکستان کی راہ میں اگرچہ بہت سے روڑے اٹکائے گئے مگرآفرین ہے پاکستانی قیادت نے کسی رکاوٹ کوخاطرمیں نہ لاتے ہوئے اپنی انتھک کوششیں جاری رکھیں جس کانتیجہ یہی نکل رہاہے کہ اب دوسراراؤنڈبھی اسلام آبادمیں ہورہاہے جس سے امیدہے کہ دنیامیں تباہی پھیلانے کامذموم منصوبہ ناکامی سے دوچارہوگا، بلکہ دنیاامن کاگہوارا اورپہلے سے زیادہ محفوظ ہوگی۔خلیج جنگ سے دنیاکوپیغام دیاگیاکہ طاقتورجب چاہیں کسی بھی ملک کوتہہ وبالاکرسکتے ہیں مگرایران کی مزاحمت نے دنیاپرآشکاراکیاکہ جب جنگ بقاکی ہوتوجدیدٹیکنالوجی اور مہلک اسلحہ بھی فیل ہوجاتاہے۔ایرانی مزاحمت نے اسرائیل اور امریکہ پرثابت کیاہے کہ جس کی لاٹھی اسکی بھینس والاقانون اب مزیدچلنے والانہیں۔اس لئے دونوں ممالک جنگ بندی پرآمادہ ہوئے اگرچہ اسرائیل اب بھی اپنی شیطان صفت کردارسے بازنہیں آرہامگر مستقل جنگ بندی معاہدہ واقع ہوجانے پراسرائیل اکیلارہ جائیگا۔ جس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ سمیت پوری دنیاامن کی جانب بڑھے گی اورامن دشمن قوتیں ناکام و نامرادہونگیں۔خلیج کی حالیہ جنگ نے اگر ایک جانب اسرائیلی جنگی طاقت کی قلعی کھول کررکھ دی ہے تودوسری جانب امریکی سپرپاورکازعم بھی خاک میں ملادیاہے۔اب کوئی بھی طاقتورملک کسی بھی کمزورملک پرجارحیت سے پہلے سوبا ر سوچے گا۔اسی طرح کی ایک مذموم کوشش بھارت نے گزشتہ برس مئی میں کی تھی اس کابھی یہی خیال تھاکہ جیسے اسرائیل نے غزہ کو کھنڈربنادیااسی طرح وہ بھی پاکستان پرحملے کرکے اسے ملیامیٹ کردیگااورپاکستان اقوام متحدہ میں فریادلیکرجائیگاجہاں مذمتی قراردادیں منظورہونگیں جن کوجوتے کی نوک پہ رکھ کربھارت اپنی من مانی کامذموم سلسلہ جاری رکھے گا مگرپاکستانی جواب نے نہ صرف اسکے چودہ طبق روشن کئے بلکہ کمزوراورچھوٹے ممالک کویہ حوصلہ بھی دیا کہ طاقتورکاشکاربننے سے بہتراسکے سامنے کھڑا ہونااوراسکے دانت کھٹے کرناہے۔پاکستان کے نقش قدم پرچلتے ہوئے ایران نے بھی بقاکی جنگ کامیابی سے لڑی جس سے امیدپیداہوئی ہے کہ یہ سلسلہ اب جاری رہیگا۔ اب دنیاجارح کے سامنے ڈٹ کرکھڑے ہونے کی روش پرچل پڑی ہے جوجارحیت پسندقوتوں کی حوصلہ شکنی اورامن پسندقوتوں کی حوصلہ افزائی کاباعث بنے گی۔ جدیددنیامیں وحشت اوربربریت کے سامنے بندباندھنے کیلئے پاکستان کی کوششیں اورجدوجہدقابل تعریف ہے جس کی کامیابی کیلئے دنیاکاہرامن پسندفرددعاگوہے۔

Youth Leadership

گورنر ہاؤس پشاور میں یوتھ لیڈرشپ کانفرنس

پشاور: گورنر ہاؤس پشاور میں یوتھ لیڈرشپ پاکستان کے زیرِ اہتمام یوتھ لیڈرشپ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی زندگیوں میں حوصلہ، برداشت اور مستقبل مزاجی کو اپنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گورنر ہاؤس پشاور سے صوبے کے نوجوانوں کی مکمل رہنمائی اور سرپرستی کی جا رہی ہے تاکہ انہیں مثبت سمت میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے خواب بڑے رکھیں، محنت کو اپنا شعار بنائیں اور اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان صرف اپنی ذات تک محدود نہ رہیں بلکہ اپنے معاشرے، ملک اور آنے والی نسلوں کے لیے کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان ہمیشہ سے بہادری، غیرت اور قیادت کی علامت رہے ہیں، اور یہی خصوصیات انہیں مستقبل میں کامیاب بنائیں گی۔

گورنر نے مزید کہا کہ کامیاب نوجوان محض ایک نعرہ نہیں بلکہ روشن مستقبل کی ذمہ داری کا نام ہے، جبکہ بہترین قیادت وہ ہوتی ہے جو دوسروں کے لیے آسانیاں اور مواقع پیدا کرے۔

ECP

مراد سعید کی نشست پر ضمنی انتخاب ملتوی

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ میں خالی نشست پر ہونے والے ضمنی انتخاب کو حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مراد سعید کی سینیٹ نشست کی آئینی حیثیت سے متعلق ابہام کے باعث معاملہ کمیشن کے روبرو آیا۔ سماعت کے دوران جلال خان (رکن صوبائی اسمبلی، مسلم لیگ ن) کی جانب سے دائر درخواست پر غور کے بعد کمیشن نے متعلقہ نشست پر ضمنی انتخاب روکنے کا حکم جاری کیا۔

درخواست گزار کے مطابق مراد سعید نے تاحال بطور سینیٹر حلف نہیں اٹھایا، جبکہ آئین کے تحت حلف اٹھانے کے بعد ہی کوئی فرد ایوانِ بالا کا باقاعدہ رکن تصور کیا جاتا ہے۔ اس بنیاد پر نشست کے خالی ہونے اور ضمنی انتخاب کے انعقاد کی آئینی حیثیت واضح کرنے کی استدعا کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ معاملے کی مکمل قانونی وضاحت تک انتخابی عمل کو آگے نہ بڑھایا جائے۔ کیس کی آئندہ سماعت 7 مئی کو مقرر کی گئی ہے۔

حکم امتناعی کے باعث مذکورہ سینیٹ نشست پر 23 اپریل کو ہونے والا ضمنی انتخاب فی الحال رک گیا ہے۔ آئینی ماہرین کے مطابق اس کیس کا فیصلہ مستقبل میں اسی نوعیت کے معاملات کے لیے اہم نظیر ثابت ہو سکتا ہے۔

Health News

خیبرپختونخوا میں 32 ماہرینِ نفسیات کی تعیناتی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سیکنڈری ہیلتھ کیئر ری ویمپ پروگرام کے تحت 32 ماہرینِ نفسیات کی تعیناتی کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جنہیں صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں (DHQs) میں خدمات سرانجام دینے کے لیے تعینات کیا جائے گا۔

تقریب میں صوبائی وزیر صحت خلیق الرحمان، سیکرٹری صحت شاہد اللہ خان اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر شاہین آفریدی نے شرکت کی اور نئے بھرتی ہونے والے ماہرین میں تقرری نامے تقسیم کیے۔

Health News

صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ ماہرینِ نفسیات کی DHQs میں تعیناتی سے ضلعی سطح پر ذہنی صحت کی معیاری اور بروقت سہولیات میسر آئیں گی اور عوام کو علاج کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ انہوں نے بتایا کہ بھرتی کا عمل مکمل شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر انجام دیا گیا ہے۔

انہوں نے نئے تعینات ہونے والے ماہرین کو ہدایت کی کہ وہ ایمانداری، لگن اور جذبۂ خدمت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں اور محکمہ صحت کے لیے ایک مضبوط اثاثہ ثابت ہوں۔

وزیر صحت نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دہائیوں کے دوران بدامنی، نقل مکانی اور قدرتی آفات کے باعث ذہنی امراض کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جس کے باعث بروقت تشخیص اور علاج ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپریشن، اضطراب اور پی ٹی ایس ڈی جیسے مسائل بڑی تعداد میں افراد کو متاثر کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں قائم کیے جانے والے مینٹل ہیلتھ ڈیسک اسکریننگ، مشاورت اور ریفرل کے مؤثر نظام کو یقینی بنائیں گے، جبکہ خواتین اور نوجوانوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلعی سطح پر ڈیٹا اکٹھا کر کے مستقبل کی پالیسی سازی میں بھی مدد حاصل کی جائے گی۔

صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ حکومت ذہنی صحت سے متعلق ایک جامع عوامی آگاہی مہم شروع کرے گی جس میں علمائے کرام اور مقامی عمائدین کو بھی شامل کیا جائے گا تاکہ معاشرتی سطح پر ذہنی صحت سے جڑے منفی تصورات (اسٹیگما) کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لیے اسکولوں، کالجوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے خصوصی آگاہی مہمات چلائی جائیں گی تاکہ نئی نسل کو بروقت رہنمائی اور شعور فراہم کیا جا سکے۔

آخر میں خلیق الرحمان نے تمام ماہرینِ نفسیات کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ وہ پیشہ ورانہ مہارت، اعلیٰ اخلاقی اقدار اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں۔