Sport News

دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ شندور میں روایتی پولو فیسٹیول کا آغاز

چترال: دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ پر تین روزہ شندور پولو فیسٹیول کا رنگا رنگ آغاز ہو گیا، جس کی افتتاحی تقریب میں فیصل کریم کنڈی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

پولو فیسٹیول میں شرکت کے لیے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک سے سیاح شندور پہنچے، جہاں بادشاہوں کے کھیل پولو کے سنسنی خیز مقابلوں سے لطف اندوز ہوئے۔ افتتاحی روز چترال اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سیاحت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ساتھ اجلاس منعقد کیے جائیں گے۔

افتتاحی تقریب میں معاونِ خصوصی برائے سیاحت ملک عدیل اقبال اور وزیر اطلاعات شفیع جان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی۔

Sports News KP

نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی

خیبرپختونخوا نے ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن اور سکواش میں گولڈ میڈلز حاصل کیے،مشیر کھیل تاج محمد خان ترند نے انعامات تقسیم کئے
پشاور (سپورٹس رپورٹر) نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 کے مقابلے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔ چار روز تک جاری رہنے والی چیمپئن شپ میں ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے سکواش، ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن، کراٹے اور ٹیبل ٹینس سمیت چھ مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
خیبرپختونخوا نے مجموعی طور پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بوائز کیٹیگری میں ایتھلیٹکس، والی بال، بیڈمنٹن اور سکواش میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ کراٹے میں سلور میڈل اپنے نام کیا۔ گرلز کیٹیگری میں خیبرپختونخوا نے سکواش میں گولڈ اور سلور، جبکہ ایتھلیٹکس اور ٹیبل ٹینس میں سلور میڈلز جیتے۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند تھے، جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر،ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس، نازیہ ذکی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سپورٹس شاہ فیصل، ایڈمنسٹریٹریوسف آفریدی اور مختلف فیڈریشنز و صوبائی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران بھی موجود تھے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر کھیل و امورِ نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے کہا کہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ملک میں کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نوجوانوں نے مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، جو مستقبل میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید کامیابیوں کی نوید ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کو کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور کھیلوں کے میدان آباد کرنے کے عزم پر کاربند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے باصلاحیت کھلاڑی ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں ہر ممکن سرپرستی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔

Sports News

نیشنل جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی ٹرافی خیبر پختونخوا نے اپنے نام کرلی

پشاور( سپورٹس رپورٹر) نیشنل جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کی ٹرافی خیبر پختونخوا نے اپنے نام کرلی ، خیبرپختونخوا نے مجموعی طور پر چودہ گولڈ ، گیارہ سلور اورسات براﺅنز میڈلز اپنے نام کئے ،پنجاب نے دوسری اور ایچ ای سی ٹیم نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

مہمان خصوصی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل وامور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر ، آرگنائزنگ سیکرٹری عابد آفریدی ، اے ڈی فنانس شاہ فیصل ، کوچز زاعفران آفریدی ، سہیل سمیت فیڈریشن اور صوبائی ایسوسی ایشن کے اہم عہدیار موجود تھے ۔

پشاور سپورٹس کمپلیکس ٹارٹن ٹریک پر منعقدہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ ایتھلیٹکس کے بوائز مقابلوں میں خیبرپختونخوا نے 100 میٹر، 800 میٹر، 1500 میٹر، ہائی جمپ، ٹرپل جمپ، لانگ جمپ، شاٹ پٹ، ڈسکس تھرو اور جیولن تھرو میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ مختلف مقابلوں میں سلور اور برانز میڈلز بھی اپنے نام کیے۔ صوبے نے مجموعی طور پر 196 پوائنٹس کے ساتھ 10 گولڈ، 4 سلور اور 5 برانز میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ پنجاب 102 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) 60 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

گرلز کیٹیگری میں خیبرپختونخوا نے 4 گولڈ، 4 سلور اور 3 برانز میڈلز جیت کر 138 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ صوبائی کھلاڑیوں نے 400 میٹر، لانگ جمپ، ڈسکس تھرو اور 400 میٹر ریلے میں گولڈ میڈلز حاصل کیے، جبکہ دیگر مقابلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں سمیٹیں۔ پنجاب 146 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ HEC 50 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

خیبرپختونخوا ایتھلیٹکس ٹیم کے منیجر عابد آفریدی جبکہ کوچز زعفران آفریدی اور سہیل تھے، جن کی نگرانی میں کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کا نام روشن کیا۔

Sports News

31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر،ٹائٹل پاک آرمی کے نام

پشاور (سپورٹس رپورٹر) 31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں اختتام پذیر ہوگئی ۔ چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور دو محکموں سمیت مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے شرکت کی۔

ایونٹ کے تمام مقابلے بہترین انداز میں منعقد ہوئے جن میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کیے۔مہمان خصوصی مشیر کھیل وامور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی ۔

ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر ، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کفایت اﷲ، سیکرٹری نواز احمد علیزئی ،ڈائریکٹرآپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر نازیہ ذکی، چیف کوچ شفقت اﷲ ، ڈپٹی ڈائریکٹرکاشف فرحان ، کوچز ابصار علی سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام منعقد نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں انڈر 19 بوائز ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے گولڈ، خیبرپختونخوا نے سلور جبکہ پنجاب اور سندھ نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انڈر 15 بوائز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ پنجاب دوسرے اور اسلام آباد و خیبرپختونخوا مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔

انڈر 19 گرلز ٹیم ایونٹ میں آرمی نے پہلی، سندھ نے دوسری جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر 15 گرلز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی فاتح رہی، سندھ نے سلور جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے برانز میڈل جیتے۔

انفرادی مقابلوں میں انڈر 19 بوائز سنگلز کا ٹائٹل آرمی کے عبدال محمد خان نے جیتا جبکہ خیبرپختونخوا کے عثمان خلیل رنر اپ رہے۔ انڈر 15 بوائز سنگلز میں بھی عبدال محمد خان نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پنجاب کے ایان دانش دوسرے نمبر پر رہے۔

انڈر 19 گرلز سنگلز میں آرمی کی حور فواد نے گولڈ اور حائقہ حسن نے سلور میڈل جیتا جبکہ سندھ کی فاطمہ دانش اور آرمی کی ایمان حسن نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انڈر 15 گرلز سنگلز میں آرمی کی ایمان حسن فاتح قرار پائیں جبکہ واپڈا کی علینہ خان رنر اپ رہیں۔

ڈبلز مقابلوں میں انڈر 19 بوائز ڈبلز کا ٹائٹل آرمی کے عباس اور عبدال محمد خان نے جیتا جبکہ سندھ کی جوڑی عباس اور ارحم دوسرے نمبر پر رہی۔ انڈر 19 گرلز ڈبلز میں آرمی کی حلیمہ اور فاطمہ نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ خیبرپختونخوا کی حریہ اور گلعلائی نے سلور میڈل حاصل کیا۔

فائنلز میں انڈر 15 گرلز سنگلز کے مقابلے میں ایمان حسن نے علینہ خان کو 0-3 سے شکست دی جبکہ انڈر 15 بوائز سنگلز کے فائنل میں عبدال محمد خان نے ایان دانش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے زیر کیا۔

سرکاری ملازمین کو 90 دن میں دوہری شہریت ڈیکلیئر کرنے کا حکم

اسلام آباد:حکومت نے سول سرونٹس کو 90 یوم میں دوہری شہریت ڈیکلیئر کرنے کا حکم دے دیا جب کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فارن نیشنلٹی رولز 2026 پر عملدرآمد شروع کردیا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے دوہری شہریت کی تفصیلات ظاہر کرنا لازمی قرار دیتے ہوئے تمام سول سرونٹس کو 90 روز کے اندر متعلقہ ڈیکلریشن جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری آفس میمورنڈم کے مطابق یکم جون 2026 سے نافذ العمل فارن نیشنلٹی رولز 2026 پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں دوہری شہریت سے متعلق خصوصی ڈیکلریشن فارم تیار کرکے تمام وزارتوں، ڈویژنوں اور متعلقہ اداروں کو ارسال کر دیا گیا ہے۔

میمورنڈم کے مطابق تمام سرکاری افسران اور ملازمین اپنی غیر ملکی شہریت، پاسپورٹ، مستقل رہائش (پرمننٹ ریزیڈنسی) اور دیگر غیر ملکی وابستگیوں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔

اس کے علاوہ سول سرونٹس کو اپنے شریک حیات اور زیر کفالت بچوں کی شہریت اور امیگریشن اسٹیٹس سے متعلق معلومات بھی جمع کرانا ہوں گی۔حکومت نے نئی بھرتیوں کے لیے بھی غیر ملکی شہریت اور امیگریشن سے متعلق ڈیکلریشن جمع کرانا لازمی قرار دیا ہے۔

قواعد کے تحت اگر کوئی افسر یا ملازم حقائق چھپانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اس کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ غیر ملکی امیگریشن پروگراموں میں شمولیت، سفری دستاویزات اور بیرون ملک رہائش سے متعلق معلومات کی فراہمی بھی لازمی ہوگی۔

مزید برآں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے کسٹمز اور ان لینڈ ریونیو سروس کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 8 جولائی تک اپنے ڈیکلریشن فارم جمع کرا دیں۔آفس میمورنڈم کے مطابق یکم جون کو جاری رولز 2026 کے تحت نئی ڈسکلوزر پالیسی نافذ ہے، غیر ملکی شہریت حاصل کرنے یا امیگریشن پروگرام میں شمولیت کی معلومات دینا لازم ہے۔

Sports News

7ویں نیشنل جونیئر کراٹے چیمپئن شپ 2026بلوچستان نے جیت لی

 خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ، ڈی جی سپورٹس نے انعامات تقسیم کئے
پشاور 7ویں نیشنل جونیئر (میل اینڈ فی میل) کراٹے چیمپئن شپ 2026 کے مقابلے پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئے، جن میں ملک بھر کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز اور انفرادی کاتا مقابلوں میں شرکت کی۔
خواتین کے مقابلوں میں بلوچستان نے 4 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب 2 طلائی، 3 چاندی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ خیبرپختونخوا (کے پی) نے 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئر مین محمد جہانگیر ، چیف ایگزیکٹیو کراٹے فیڈریشن عندلیب سندھو، پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب فیض،اسسٹنٹ ڈائریکٹرو کوارڈینیٹر خیبرپختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن شاہ فیصل، کراٹے ایسوسی ایشن کے نائب صدر خالد نور ، سیکرٹری عاصم قریشی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام منعقدہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں مردوں کے مقابلوں میں بلوچستان 3 طلائی، ایک چاندی اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ خیبرپختونخوا 2 طلائی، ایک چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ پنجاب ایک طلائی، 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔

خیبرپختونخوا کے نمایاں کھلاڑیوں میں یحییٰ خان (گولڈ، انڈر 50 کلوگرام)، ابوبکر (گولڈ، اوور 68 کلوگرام)، سرتاج گل (سلور، انفرادی کاتا)، حنا خان (سلور، اوور 59 کلوگرام)، عریبہ فاروق (سلور، انڈر 43 کلوگرام)، ایمان آفریدی، فاطمہ نور، نازیہ، عادل سمیع اور سدیس آفریدی شامل ہیں جنہوں نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کو کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے ایونٹس سے ملک میں کراٹے کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔

DPO Tank consults with scholars and elders on peaceful conduct of Muharram-ul-Haram

ٹانک: محرم الحرام کے دوران  سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس 

ٹانک: آمدہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک عبدالصمد خان کی زیر صدارت کمانڈ اینڈ کنٹرول روم ٹانک میں اہلِ سنت علماء کرام اور عمائدین کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی سرگرمیوں کے پُرامن انعقاد کے لیے سیکیورٹی اقدامات، ٹریفک پلان اور انتظامی امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او عبدالصمد خان نے کہا کہ ضلع بھر میں محرم الحرام کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے علماء کرام اور مشران پر زور دیا کہ وہ مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں اور افواہوں یا اشتعال انگیز سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران حساس مقامات کی کڑی نگرانی کی جائے گی، جبکہ جلوسوں اور مجالس کے لیے وضع کردہ سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں شریک علماء کرام اور عمائدین نے ضلعی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ وہ امن و امان کے قیام، مذہبی رواداری اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتے رہیں گے۔
اجلاس کے دوران محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان، ٹریفک انتظامات، حساس مقامات کی نگرانی، بین المسالک ہم آہنگی اور عوامی تعاون سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تمام مکاتبِ فکر کے باہمی تعاون اور ضلعی پولیس کی مشترکہ کاوشوں سے محرم الحرام کو پُرامن، محفوظ اور باوقار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi

خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی میں رکاوٹوں پر گورنر کا اظہار تشویش

پشاور: فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاسکو کے ذریعے خیبرپختونخوا کو گندم کی فراہمی کے احکامات پر وہ وزیراعظم کے شکر گزار ہیں، تاہم صوبے کو اس کی ضروریات کے مطابق مکمل سپلائی میں تاخیر اور رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں۔

گورنر کے مطابق خیبرپختونخوا کو مجموعی طور پر 36 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی ضرورت ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے پاسکو کے ذریعے صرف 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی منظوری دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ باقی گندم کی پنجاب سے فری ترسیل تاحال معطل ہے، جبکہ پنجاب سے ملحقہ نو چیک پوسٹوں کے ذریعے خیبرپختونخوا کو گندم اور آٹے کی فراہمی نہیں کی جا رہی۔

فیصل کریم کنڈی نے مؤقف اختیار کیا کہ آئین اور نئی گندم پالیسی کے تحت آٹے اور گندم کی آزادانہ ترسیل صوبے کا حق ہے، اور اس حق سے عوام کو محروم رکھنا قابل قبول نہیں۔

انہوں نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا کہ چیک پوسٹوں کی صورتحال کا فوری نوٹس لیا جائے اور خیبرپختونخوا کے لیے گندم اور آٹے کی بلا تعطل ترسیل یقینی بنائی جائے۔

گورنر نے کہا کہ پاسکو کے علاوہ دیگر ذرائع سے بھی صوبے کی ضروریات کے مطابق گندم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو سستے آٹے کی دستیابی متاثر نہ ہو۔

Local News

مردان میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

مردان میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ، آتش بازی اور کیمپ فائر پر پابندی
ضلعی انتظامیہ مردان نے جنگلات اور قیمتی قدرتی وسائل کو ممکنہ آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر واصف رحمان نے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام ڈویژنل فارسٹ آفس مردان کی سفارش پر اٹھایا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خشک موسم، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے، خشک نباتات اور انسانی سرگرمیوں کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس سے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات، حیاتیاتی تنوع اور عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
جاری کردہ احکامات کے تحت ضلع مردان میں واقع جنگلات اور ان سے ملحقہ علاقوں میں آتش بازی، کیمپ فائر اور آگ بھڑکانے کا سبب بننے والی تمام سرگرمیوں پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر واصف رحمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ اور ماحولیات کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ یا خطرناک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

Sports News

خیبرپختونخوا نے نیشنل جونیئر والی بال چیمپئن شپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

پشاور:ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام منعقدہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ 2026 کے والی بال ایونٹ کا فائنل میچ آج پشاور میں کھیلا گیا، جس میں خیبرپختونخوا نے پنجاب کو 1-3 سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔ پنجاب کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی۔
فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا، جس میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور ہوم گراؤنڈ پر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے کامیاب اور نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی ملک کا روشن مستقبل ہیں اور حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر ، سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے دیگر حکام، منتظمین اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔