خیبرپختونخوا کی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ، ڈی جی سپورٹس نے انعامات تقسیم کئے
پشاور 7ویں نیشنل جونیئر (میل اینڈ فی میل) کراٹے چیمپئن شپ 2026 کے مقابلے پروقار تقریب میں اختتام پذیر ہوگئے، جن میں ملک بھر کے مرد و خواتین کھلاڑیوں نے مختلف ویٹ کیٹیگریز اور انفرادی کاتا مقابلوں میں شرکت کی۔
خواتین کے مقابلوں میں بلوچستان نے 4 طلائی تمغوں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پنجاب 2 طلائی، 3 چاندی اور ایک کانسی کے تمغے کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔ خیبرپختونخوا (کے پی) نے 2 چاندی اور 4 کانسی کے تمغے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔مہمان خصوصی ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ پاکستان کراٹے فیڈریشن کے چیئر مین محمد جہانگیر ، چیف ایگزیکٹیو کراٹے فیڈریشن عندلیب سندھو، پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب فیض،اسسٹنٹ ڈائریکٹرو کوارڈینیٹر خیبرپختونخوا کراٹے ایسوسی ایشن شاہ فیصل، کراٹے ایسوسی ایشن کے نائب صدر خالد نور ، سیکرٹری عاصم قریشی سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔
ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام منعقدہ نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں مردوں کے مقابلوں میں بلوچستان 3 طلائی، ایک چاندی اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست رہا جبکہ خیبرپختونخوا 2 طلائی، ایک چاندی اور 2 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے نمبر پر رہی۔ پنجاب ایک طلائی، 3 چاندی اور 2 کانسی کے تمغوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
خیبرپختونخوا کے نمایاں کھلاڑیوں میں یحییٰ خان (گولڈ، انڈر 50 کلوگرام)، ابوبکر (گولڈ، اوور 68 کلوگرام)، سرتاج گل (سلور، انفرادی کاتا)، حنا خان (سلور، اوور 59 کلوگرام)، عریبہ فاروق (سلور، انڈر 43 کلوگرام)، ایمان آفریدی، فاطمہ نور، نازیہ، عادل سمیع اور سدیس آفریدی شامل ہیں جنہوں نے کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین اور پاکستان کراٹے فیڈریشن کو کھلاڑیوں اور آفیشلز نے خراج تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے ایونٹس سے ملک میں کراٹے کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا۔


