Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, June 11, 2026

مردان میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

مردان میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ، آتش بازی اور کیمپ فائر پر پابندی
ضلعی انتظامیہ مردان نے جنگلات اور قیمتی قدرتی وسائل کو ممکنہ آتشزدگی سے محفوظ رکھنے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر واصف رحمان نے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدام ڈویژنل فارسٹ آفس مردان کی سفارش پر اٹھایا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ خشک موسم، درجہ حرارت میں مسلسل اضافے، خشک نباتات اور انسانی سرگرمیوں کے باعث جنگلات میں آگ لگنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں، جس سے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات، حیاتیاتی تنوع اور عوامی املاک کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
جاری کردہ احکامات کے تحت ضلع مردان میں واقع جنگلات اور ان سے ملحقہ علاقوں میں آتش بازی، کیمپ فائر اور آگ بھڑکانے کا سبب بننے والی تمام سرگرمیوں پر دو ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر واصف رحمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلات کے تحفظ اور ماحولیات کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ یا خطرناک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

مردان میں جنگلاتی آگ کے خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ

Shopping Basket