Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, June 11, 2026

31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر،ٹائٹل پاک آرمی کے نام

پشاور (سپورٹس رپورٹر) 31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں اختتام پذیر ہوگئی ۔ چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور دو محکموں سمیت مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے شرکت کی۔

ایونٹ کے تمام مقابلے بہترین انداز میں منعقد ہوئے جن میں پاکستان آرمی کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد ٹائٹلز اپنے نام کیے۔مہمان خصوصی مشیر کھیل وامور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کی ۔

ان کے ہمراہ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر ، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کفایت اﷲ، سیکرٹری نواز احمد علیزئی ،ڈائریکٹرآپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر نازیہ ذکی، چیف کوچ شفقت اﷲ ، ڈپٹی ڈائریکٹرکاشف فرحان ، کوچز ابصار علی سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ۔

ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس کے زیراہتمام منعقد نیشنل جونیئر چیمپئن شپ میں انڈر 19 بوائز ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے گولڈ، خیبرپختونخوا نے سلور جبکہ پنجاب اور سندھ نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انڈر 15 بوائز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی نے طلائی تمغہ جیتا جبکہ پنجاب دوسرے اور اسلام آباد و خیبرپختونخوا مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔

انڈر 19 گرلز ٹیم ایونٹ میں آرمی نے پہلی، سندھ نے دوسری جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ انڈر 15 گرلز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی فاتح رہی، سندھ نے سلور جبکہ پنجاب اور خیبرپختونخوا نے برانز میڈل جیتے۔

انفرادی مقابلوں میں انڈر 19 بوائز سنگلز کا ٹائٹل آرمی کے عبدال محمد خان نے جیتا جبکہ خیبرپختونخوا کے عثمان خلیل رنر اپ رہے۔ انڈر 15 بوائز سنگلز میں بھی عبدال محمد خان نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پنجاب کے ایان دانش دوسرے نمبر پر رہے۔

انڈر 19 گرلز سنگلز میں آرمی کی حور فواد نے گولڈ اور حائقہ حسن نے سلور میڈل جیتا جبکہ سندھ کی فاطمہ دانش اور آرمی کی ایمان حسن نے کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انڈر 15 گرلز سنگلز میں آرمی کی ایمان حسن فاتح قرار پائیں جبکہ واپڈا کی علینہ خان رنر اپ رہیں۔

ڈبلز مقابلوں میں انڈر 19 بوائز ڈبلز کا ٹائٹل آرمی کے عباس اور عبدال محمد خان نے جیتا جبکہ سندھ کی جوڑی عباس اور ارحم دوسرے نمبر پر رہی۔ انڈر 19 گرلز ڈبلز میں آرمی کی حلیمہ اور فاطمہ نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا جبکہ خیبرپختونخوا کی حریہ اور گلعلائی نے سلور میڈل حاصل کیا۔

فائنلز میں انڈر 15 گرلز سنگلز کے مقابلے میں ایمان حسن نے علینہ خان کو 0-3 سے شکست دی جبکہ انڈر 15 بوائز سنگلز کے فائنل میں عبدال محمد خان نے ایان دانش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2-3 سے زیر کیا۔

31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ اختتام پذیر،ٹائٹل پاک آرمی کے نام

Shopping Basket