Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Sunday, February 1, 2026

خیبرپختونخوا میں بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا نیا سلسلہ متوقع

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخوا میں آئندہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 31 جنوری سے 3 فروری تک مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں صوبے بھر میں موسم ابرآلود رہنے، وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ بالائی اضلاع میں مزید برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان اور کولائی پالس میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ جبکہ میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں خصوصاً ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ درجہ حرارت میں مزید کمی بھی متوقع ہے۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے بالائی اور برفباری والے علاقوں میں سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، جبکہ کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تلقین کی ہے۔ حساس علاقوں میں ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارش اور بالائی اضلاع میں برفباری کا نیا سلسلہ متوقع

Shopping Basket