چترال بونی سے تعلق رکھنے والے مقامی شکاری شکیل حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے پیر کی سہ پہر بونی گول کے پہاڑی علاقے میں ایک برفانی چیتے کو آئی بیکس کے ریوڑ پر حملہ کرتے دیکھا۔ شکیل حسین کے مطابق وہ ٹرافی ہنٹنگ کے سلسلے میں آئی بیکس کی تلاش میں تھے کہ تقریباً ساڑھے چار بجے انہیں ایک برفانی چیتا پہاڑی ڈھلوان پر موجود ریوڑ کی جانب جھپٹتا نظر آیا۔ ان کے بقول اس موقع پر بونی گول کے وائلڈ لائف واچر علی نواز اور کمیونٹی واچر یوسف علی شاہ بھی موجود تھے اور وہ اپنے دو دیگر ساتھیوں سمیت اس منظر کے عینی شاہد رہے۔
انہوں نے بتایا کہ چیتا کافی فاصلے پر تھا، جس کے باعث واقعے کی ویڈیو بنانا ممکن نہ ہو سکا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ برفانی چیتے کو اپنے قدرتی ماحول میں شکار کرتے دیکھنا ایک غیر معمولی اور یادگار تجربہ تھا۔ واضح رہے کہ برفانی چیتا دنیا بھر میں نایاب اور خطرے سے دوچار جنگلی حیات میں شمار ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس کی تعداد میں کمی کی بنیادی وجوہات میں مسکن کی تباہی، غیر قانونی شکار اور ماحولیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔ چترال اور گرد و نواح کے بلند پہاڑی سلسلے اس نایاب جانور کے اہم قدرتی مسکن سمجھے جاتے ہیں، جہاں اس کی موجودگی حیاتیاتی تنوع کے لیے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔


