Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, April 3, 2026

شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

شدید بارشوں، ممکنہ سیلاب اور تیز آندھی کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 ایبٹ آباد نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ایبٹ آباد حفیظ رحمٰن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے احتیاطی اقدامات اپنائیں۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور ندی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور کمزور عمارتوں، کچی دیواروں اور درختوں کے قریب کھڑے ہونے سے بھی پرہیز کریں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی ہوئی تاروں سے دور رہیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق شہری گاڑی چلاتے وقت خصوصی احتیاط برتیں اور پانی سے بھرے راستوں سے گزرنے سے حتی الامکان گریز کریں۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کیا جائے تاکہ بروقت امدادی کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی معمولی سی احتیاط کسی بڑے نقصان سے بچنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔

بیان کے مطابق ریسکیو 1122 ایبٹ آباد کی ٹیمیں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

Shopping Basket