Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, April 3, 2026

خیبر پختونخوا کابینہ کا تعلیم، صحت اور کفایت شعاری سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 50 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں 28 نکاتی ایجنڈے اور چار نکاتی اضافی ایجنڈے پر تفصیلی غور کے بعد متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ صوبائی حکومت کی کفایت شعاری پالیسی کے تحت کابینہ اجلاس مکمل طور پر بذریعہ ویڈیو لنک منعقد کیا گیا جس میں کابینہ اراکین کے علاوہ چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد فیصلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے بتایا کہ کابینہ نے ضم شدہ اضلاع کے لیے یونیورسٹی آف ایپلائیڈ اینڈ ماڈرن سائنسز کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزیر بلدیات کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی جو اس اسٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹی کے قیام سے متعلق تفصیلات کو حتمی شکل دے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت زرعی یونیورسٹی میں معاون عملے کی 55 خالی آسامیوں کو ختم کرنے کی منظوری بھی دی جس سے صوبائی حکومت کو ماہانہ تقریباً 90 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔ اسی طرح اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پوسٹنگ اور ٹرانسفرز سے متعلق نئی گائیڈ لائنز کی اصولی منظوری دی گئی جس سے دور افتادہ علاقوں کے کالجوں میں تدریسی اور انتظامی عملے کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

کابینہ نے محکمہ اوقاف کے لیے بعض ضروری اخراجات کی مد میں 229 ملین روپے گرانٹ اِن ایڈ کی مشروط منظوری دی جبکہ موجودہ بحرانی صورتحال کے پیش نظر گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کی دو دن کی بنیادی تنخواہوں میں رضاکارانہ کٹوتی کی تجویز سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے محکمہ خزانہ کو اس سلسلے میں افسران کی رضامندی حاصل کرنے کا طریقہ کار وضع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت سرکاری گاڑیوں کے پی او ایل اخراجات میں مجموعی طور پر 60 فیصد تک کمی کی ہے۔

صحت کے شعبے میں اہم فیصلوں کے تحت کابینہ نے سیدو گروپ آف ٹیچنگ ہاسپٹلز کو میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن (ایم ٹی آئی) کا درجہ دینے اور خیبرپختونخوا میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشنز اپیلیٹ ٹریبونل رولز 2020 میں ضروری ترامیم کی منظوری دی۔ اس کے علاوہ تھیلیسمیا میں مبتلا نادار بچوں کے علاج کے لیے فاطمید فاؤنڈیشن کو ایک کروڑ روپے گرانٹ اِن ایڈ فراہم کرنے، صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں 598 پیڈ انٹرنی نرسوں کی آسامیوں کی تخلیق اور تیمرگرہ میڈیکل کالج کو فعال بنانے کے لیے 993 ملین روپے گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری بھی دی گئی۔

کابینہ نے خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئر کمیشن کے سات نئے نان آفیشل ممبران کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ کھیلوں کے فروغ کے لیے پاروا، ڈیرہ اسماعیل خان میں تحصیل اسپورٹس کمپلیکس کے قیام کے لیے زمین کی خریداری کی نان اے ڈی پی اسکیم منظور کی گئی۔ مزید برآں ویل چیئر کرکٹ میں خیبرپختونخوا کے کھلاڑیوں کو مالی معاونت اور پشاور میں منعقدہ نیشنل باڈی بلڈنگ چیمپئن شپ کی اسپانسرشپ کے لیے خصوصی گرانٹ اِن ایڈ کی منظوری بھی دی گئی۔

تعلیم کے شعبے میں کابینہ نے بطور پائلٹ پراجیکٹ بعض سرکاری اسکولوں میں میٹرک ٹیک اور انٹر ٹیک پروگرامز متعارف کرانے کی منظوری دی۔ اس دو سالہ منصوبے پر 450 ملین روپے لاگت آئے گی اور اس کے تحت صوبے کے 70 سرکاری اسکولوں کو سینٹر آف ایکسیلنس کا درجہ دیا جائے گا جبکہ 1650 طلبہ کو جدید تکنیکی مہارتوں کے حصول کے لیے اسکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری آفس کے سروس ڈیلیوری یونٹس میں مارکیٹ بیسڈ سیلری پالیسی کے تحت سات عملے کی تعیناتی، الیکٹریسٹی رولز 1937 کے تحت مختلف فیسوں کی ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے استعمال اور مدائن ہائیڈرو پاور اسٹیشن منصوبے کو ورلڈ بینک پروگرام سے نکال کر متبادل آپشنز پر عملدرآمد کی منظوری بھی دی گئی۔

مزید برآں کابینہ نے خیبرپختونخوا ایکسائز ڈیوٹی آن منرلز لیبر ویلفیئر ایکٹ 2021 میں ترامیم کی منظوری دی جبکہ لوئر چترال کے سرحدی علاقے ارندو میں حالیہ کشیدگی کے باعث اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے قائم کیمپ میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ کو مزید 20 ملین روپے فراہم کرنے کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے آئندہ مون سون سیزن کے دوران ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کشتیوں اور دیگر ضروری آلات کی خریداری کی مد میں محکمہ ریلیف کو 785 ملین روپے جاری کرنے کی منظوری بھی دی۔ اس کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے لیے بجٹ اسٹریٹجی پیپر 2026-27 کی منظوری اور پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا 27 مستحق مریضوں کے علاج کے لیے مالی معاونت کی منظوری بھی دی گئی۔

خیبر پختونخوا کابینہ کا تعلیم، صحت اور کفایت شعاری سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری

Shopping Basket