Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, April 3, 2026

میٹرک امتحانات: 2000 سے زائد پاکٹ گائیڈز برآمد

پشاور: حالیہ میٹرک امتحانات کے دوران نقل کے رجحان کی روک تھام اور امتحانی نظام میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ پشاور نے نقل مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) ذیشان نجیب نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سید بشارت حسین کے ہمراہ ہشتنگری کے علاقے میں واقع سٹیشنری اور فوٹو اسٹیٹ دکانوں کا معائنہ کیا۔

کارروائی کے دوران 2000 سے زائد “پاکٹ گائیڈز” برآمد کی گئیں جو مبینہ طور پر امتحانات میں نقل کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔ اس دوران غیر قانونی مواد فروخت کرنے کے الزام میں متعدد دکانداروں کو گرفتار کیا گیا جبکہ بعض دکانوں کو سیل بھی کر دیا گیا۔

ضلعی انتظامیہ نے امتحانی مراکز کے قریب واقع فوٹو اسٹیٹ دکانوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ “مائیکرو فوٹو اسٹیٹ” یا کسی بھی ایسے مواد کی نقل سے گریز کریں جو نقل کے رجحان کو فروغ دے سکتا ہو۔

ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کہا کہ طلبہ کا اصل سرمایہ ان کی محنت ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر صورت امتحانی نظام کو شفاف بنانا چاہتی ہے تاکہ محنتی طلبہ کا حق ضائع نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ نقل کا کلچر نہ صرف تعلیمی معیار کو متاثر کرتا ہے بلکہ معاشرے کی بنیادوں کو بھی کمزور کرتا ہے۔

ضلعی انتظامیہ پشاور نے عوام، والدین، اساتذہ اور طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نقل کے خاتمے کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں اور اس قومی ذمہ داری کی ادائیگی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس مقصد کے لیے امتحانی عمل کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹس پیش کریں گی، جبکہ مزید کارروائیاں بھی جاری رہیں گی تاکہ تعلیمی نظام میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔

میٹرک امتحانات: 2000 سے زائد پاکٹ گائیڈز برآمد

Shopping Basket