Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, April 4, 2026

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے، پاکستان بزنس فورم پشاور

پشاور: پاکستان بزنس فورم پشاور نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام اور کاروباری طبقے پر مزید معاشی بوجھ قرار دیا ہے۔

پاکستان بزنس فورم پشاور کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب عوام پہلے ہی شدید مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔ فورم کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ شدید متاثر ہوگا جبکہ کاروباری سرگرمیوں پر بھی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔

فورم نے اپنے بیان میں کہا کہ خیبرپختونخوا پہلے ہی قدرتی آفات اور دہشت گردی کے باعث معاشی مشکلات کا شکار رہا ہے اور صوبے میں صنعت و تجارت کے مواقع محدود ہیں۔ مزید برآں افغانستان کے ساتھ سرحدی بندشوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں پہلے ہی متاثر ہو چکی ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے تاجروں کو خاطر خواہ ریلیف فراہم نہیں کیا جا رہا۔

بیان میں کہا گیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی میں مزید اضافے کا سبب بنے گا جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو جائے گی۔ فورم کے مطابق حکومت کو چاہیے کہ ٹیکسوں میں اضافے کے بجائے عوام کو ریلیف فراہم کرے اور معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کرے۔

پاکستان بزنس فورم پشاور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر نظرثانی کی جائے اور عوام و کاروباری طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول ہے، پاکستان بزنس فورم پشاور

Shopping Basket