Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, April 10, 2026

61ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد کھلاڑی شریک

پشاور (سپورٹس رپورٹر): 61ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ شروع ہوگئی ہے، جس میں ملک بھر سے 200 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

چیمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ، ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر اور پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر احمر ملک نے مشترکہ طور پر کیا۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے سیکرٹری اعجاز علی، صوبائی اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ذوالفقار بٹ، ریجنل کوآرڈینیٹر او جی ڈی سی ولی محمد آفریدی، ڈائریکٹر ٹورنامنٹ کفایت اللہ خان، چیف کوچ شفقت اللہ اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فنانس شاہ فیصل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے زیراہتمام اور ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس خیبرپختونخوا کے تعاون سے منعقد ہونے والی یہ چیمپئن شپ پشاور اسپورٹس کمپلیکس کے پی ایس بی جمنازیم میں جاری ہے۔ ایونٹ میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے علاوہ ضم شدہ قبائلی اضلاع، پاکستان پولیس، واپڈا اور او جی ڈی سی سمیت مختلف اداروں کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ مقابلے 10 اپریل تک جاری رہیں گے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے میدان آباد ہو رہے ہیں اور حکومت و اداروں کی مشترکہ کاوشوں سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ محنت، نظم و ضبط اور کھیل کے جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے ملک و صوبے کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ 14 سال بعد قومی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی خیبرپختونخوا کو ملنا ایک بڑی کامیابی ہے۔

ڈی جی اسپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس کھلاڑیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ بہترین ماحول میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔ ان کے مطابق پشاور میں اس بڑے ایونٹ کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبہ کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی ایسے ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا۔

اس موقع پر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر احمر ملک نے کہا کہ ملک میں ٹیبل ٹینس کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، ضرورت صرف بہتر مواقع اور تسلسل کے ساتھ ایونٹس کے انعقاد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح کی چیمپئن شپ نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہیں اور فیڈریشن کھیل کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

61ویں نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 200 سے زائد کھلاڑی شریک

Shopping Basket