Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, July 2, 2026

سیف سٹیز اور ٹرانس پشاور کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا معاہدہ

آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید کے وژن او ر دلچسپی کے تحت آج سینٹرل پولیس آفس پشاور میں کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ اور ٹرانس پشاور کے مابین ایک اہم مفاہمتی یادداشت کی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں آئی جی خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ایڈیشنل آئی جی پیز و ڈی آئی جیز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ معاہدے کا مقصد دونوں اداروں کے مابین تکنیکی تعاون، نگرانی کے نظام کو مربوط کرنا اور شہر کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔ خیبرپختونخوا سیف سٹیز کی جانب سے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی آئی جی آئی ٹی اعجاز احمد جبکہ ٹرانس پشاور کی جانب سےچیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر بخاری نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا سیف سٹیز پراجیکٹ اور ٹرانس پشاور (دی اربن موبلٹی کمپنی) نے شہریوں کی حفاظت اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو مزید محفوظ بنانے کے لیے اس مفاہمتی یادداشت کے تحت ٹرانس پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) سسٹم کے اہم مقامات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو کے پی سیف سٹیز کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ اس اقدام سے سیف سٹی پراجیکٹ کو بی آر ٹی کوریڈور، سٹیشنوں اور دیگر اہم تنصیبات کی براہ راست نگرانی میں مدد ملے گی، جس سے سیکیورٹی کے فرائض کی انجام دہی میں آسانی ہوگی۔ دونوں ادارے فائبر آپٹک کنیکٹیویٹی کے ذریعے کیمروں کی لائیو فیڈز کا تبادلہ بھی کریں گے، تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل کو یقینی بنایا جا سکے۔
معاہدے کے تحت کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کو بی آر ٹی سٹیشنوں کے اہم اور مخصوص مقامات پر اپنے جدید کیمرے نصب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جن میں فیشل اینالیٹکس کی صلاحیت بھی موجود ہوگی۔ اس تعاون کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ دونوں ادارے سیکیورٹی اور آپریشنل مقاصد کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ڈیٹا شیئرنگ کو فروغ دیں گے، جس سے جرائم کی روک تھام اور پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی کا نظام مزید شفاف اور مربوط ہو جائے گا۔
اس موقع پر آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ یہ اشتراک عوامی تحفظ کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہےاور کہا کہ ٹرانس پشاور اور کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ اس مربوط نظام کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پشاور کو ایک محفوظ اور پرامن شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ آئی جی پی نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ نہ صرف بی آر ٹی سسٹم کی سیکیورٹی کو مضبوط کرے گا بلکہ اس سے شہر میں سیکیورٹی نگرانی کا ایک جامع جال بچھانے میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلی ٰحکام نے مستقبل میں بھی شہریوں کی حفاظت اور عوامی مفاد کے لیے ایسے اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔

سیف سٹیز اور ٹرانس پشاور کے درمیان سیکیورٹی تعاون کا معاہدہ

Shopping Basket