Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, July 2, 2026

خیبرپختونخوا میں بارش اور فلیش فلڈ سے جانی و مالی نقصانات

پشاور: پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں حالیہ تیز بارشوں، آندھی اور فلش فلڈ سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق مختلف حادثات میں اب تک 6 افراد جاں بحق اور 19 زخمی ہو چکے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں دو مرد، تین بچے اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں سات مرد، ایک خاتون اور 11 بچے شامل ہیں۔ زیادہ تر حادثات گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے باعث پیش آئے۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں اور سیلابی ریلوں سے صوبے بھر میں مجموعی طور پر 38 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 36 کو جزوی جبکہ دو مکانات کو مکمل نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع میں خیبر، لوئر دیر، مردان، شانگلہ، باجوڑ، لوئر چترال اور اپر دیر شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ادارہ، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکمے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سامان کی فوری فراہمی، امدادی کارروائیاں تیز کرنے اور متاثرین کو بروقت معاونت فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور موسمی الرٹس و حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ ترجمان کے مطابق پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے عوام فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں بارش اور فلیش فلڈ سے جانی و مالی نقصانات

Shopping Basket