Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Thursday, September 10, 2026

پشاور اور مانسہرہ میں جعلی مصالحہ جات اور غیر معیاری گوشت و دودھ ضبط

پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور اور مانسہرہ میں کارروائیاں کرتے ہوئے جعلی برانڈڈ مصالحہ جات، غیر معیاری دودھ اور گوشت سمیت بڑی مقدار میں مضرِ صحت اشیاء ضبط کر لیں۔

فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق پشاور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے جعلی برانڈڈ مصالحہ جات اور کسٹرڈ کی پیکنگ کرنے والی ایک یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران تقریباً 2 ہزار کلوگرام مختلف اشیاء، مصالحہ جات، اسٹارچ، پیکنگ میٹریل، رولز اور دیگر سامان تحویل میں لے لیا گیا۔

ترجمان کے مطابق جعلی اور غیر معیاری اشیاء کی پیکنگ میں ملوث یونٹ کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب مانسہرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے داخلی راستوں پر علی الصبح ناکہ بندی کرتے ہوئے خوراک لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی۔ جدید موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کے نمونوں کی جانچ بھی کی گئی۔

کارروائی کے دوران 150 لیٹر ملاوٹ شدہ دودھ کی نشاندہی ہوئی جسے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ پنجاب سے مانسہرہ لایا جانے والا 415 کلوگرام غیر معیاری گوشت بھی پکڑ کر تلف کر دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ گوشت ضلع مانسہرہ کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی اور بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔

پشاور اور مانسہرہ میں جعلی مصالحہ جات اور غیر معیاری گوشت و دودھ ضبط

Shopping Basket