مردان: ٹریفک وارڈن پولیس مردان نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے متعدد گاڑیوں کے چالان کر دیے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ڈی ایس پی ٹریفک کی زیرِ قیادت ٹریفک وارڈن پولیس نے پی ایس او یوٹرن، نزد ایم سی ہسپتال، پر خصوصی کارروائی کی۔ اس دوران مخالف سمت سے آنے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی متعدد گاڑیوں کے چالان کیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ یوٹرن پر ون وے کی خلاف ورزی کے باعث حادثات اور ٹریفک کی روانی میں خلل کے مسائل پیدا ہو رہے تھے، جس کے تدارک اور شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ٹریفک وارڈن پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ون وے سمیت تمام ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔


