پشاور: پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے شیڈول اور ٹیموں کے سکواڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں آٹھ ڈیپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی اور مقابلوں کا آغاز 12 ستمبر سے ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے میچز پشاور، ایبٹ آباد، اسلام آباد اور راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ مقابلوں کے لیے عمران خان سٹیڈیم پشاور، ایبٹ آباد کرکٹ سٹیڈیم، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور شعیب اختر کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی کو وینیوز مقرر کیا گیا ہے۔
پریذیڈنٹس ٹرافی گریڈ ون میں مجموعی طور پر سات راؤنڈز کھیلے جائیں گے، جبکہ ہر راؤنڈ میں چار فرسٹ کلاس میچز ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں 28 چار روزہ اور ایک پانچ روزہ فرسٹ کلاس میچ کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ کا فائنل پوائنٹس ٹیبل کی ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان 24 سے 28 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔
ٹورنامنٹ میں غنی گلاس، کے آر ایل، کنگز مین اکیڈمی، ایم آئی ٹی سلوشنز، او جی ڈی سی ایل، پی ٹی وی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔


