گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ صنعتی ضروریات کے مطابق تحقیقی منصوبے تیار کریں۔ انہوں نے یہ بات سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور جامعات کے دفاتر برائے تحقیق، جدت اور کمرشلائزیشن (ORICs) کے ڈائریکٹرز کے مشترکہ اجلاس میں کہی۔ جامعات اور صنعتوں کے درمیان تحقیقی روابط بڑھانے کے لیے یہ محکمہ اعلیٰ تعلیم کا اپنی نوعیت کا پہلا اقدام ہے۔
ڈاکٹر عامر عبداللہ نے کہا کہ جنگلی زیتون کی پیوندکاری سے آئندہ دو برسوں میں ہزاروں ٹن زیتون مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے۔ انہوں نے اس متوقع پیداوار سے فائدہ اٹھانے کے لیے خوردنی تیل اور غذائی مصنوعات کی صنعتیں قائم کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے غذائی سپلیمنٹس کی صنعت میں حلال مصنوعات کی عالمی طلب، صوبے میں سافٹ جیل کیپسول کی تیاری اور اسلحہ سازی کی صنعت میں نئی مصنوعات بنانے کے امکانات کا بھی ذکر کیا۔
مشیر تعلیم نے جامعات اور صنعتوں کا مشترکہ اجلاس ہر سال منعقد کرنے کی تجویز سے اتفاق کیا اور تحقیقی دفاتر کے ڈائریکٹرز سے کہا کہ وہ صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل منصوبوں کی نشاندہی کریں۔


