شمالی وزیرستان میں ایک اور کارروائی

شمالی وزیرستان کے علاقے تحصیل دتہ خیل میں دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی ایک کاروائی کے نتیجے میں ساتھ دہشتگرد ہلاک کیے گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد اور مقدار میں اسلحہ اور بارودی مواد قبضے میں لیا گیا ہے۔ اس کے نتیجے میں پاک فوج کے 4 جوان بھی شہید ہوگئے ہیں جن میں لیفٹیننٹ آغا مقدس بھی شامل ہے دوسرے جوانوں میں قمرندیم (حوالدار)، محمد قاسم (سپاہی) اور توصیف (سپاہی) شامل ہے واقعے میں دو جوانوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں ۔ یہ کارروائی بدھ کی صبح عمل میں لائی گئی ۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی دتہ خیل تحصیل کے ایک نواحی علاقے میں ایک دہشت گرد ٹولے کی موجودگی کی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر عمل میں لائی گئی۔ فورسز جب وہاں پہنچ گئی تو خفیہ ٹھکانوں میں موجود حملہ آوروں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ، جس کے نتیجے میں فوجی جوانوں نے جوابی کارروائی کی اور دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ اس جھڑپ کے دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سے 4 جوان شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق دہشت گرد ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے جس کا انہوں نے فائدہ اٹھایا ، تاہم فورسز کی جوابی کارروائی سے سب لقمہ اجل بن گئے اور مکان میں موجود اسلحہ گولہ بارود اور بارودی سرنگوں کی بڑی مقدار سمیت حملہ آوروں کی لاشیں بھی تحویل میں لے کر ان کی شناخت کی تحقیقات شروع کی گئیں۔
شمالی وزیرستان ماضی میں کالعدم تنظیموں کے علاوہ غیر ملکی گروپوں کا محفوظ ٹھکانہ بنا رہا ہے تاہم آپریشن ضرب عضب کے بعد یہاں کامیاب اور موثر کارروائیاں کی گئیں، جس کے نتیجے میں نہ صرف یہ کہ انتہا پسندوں کے ٹھکانے اور مراکز ختم کیے گئے بلکہ مستقل امن کے قیام کے لیے درکار اقدامات بھی کیے گئے اور علاقے کی تعمیر نو اور بحالی پر بھی توجہ دیں گئی۔
چونکہ شمالی وزیرستان کے بعض علاقوں کی سرحدیں افغانستان کے ساتھ لگی ہوئی ہے اور بعض علاقے اپنی پیچیدگیوں کے باعث ناقابل رسائی سمجھے جاتے ہیں اس لئے کبھی کبھار اس قسم کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔ تحصیل دتہ خیل کے بعض علاقے بھی اس قسم کے عارضی ٹھکانوں کے باعث پیچیدہ اور مشکل سمجھے جاتے ہیں اس لئے فورسز یہاں کی سخت نگرانی کرتی ہے اور جب دہشتگردوں کی اطلاعات مل جاتی ہیں تو اس نوعیت کی کارروائیاں عمل میں لائی جاتی ہیں ، تاہم عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہت بہترین ہے اور عوام او ر علاقہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے تمام درکار اقدامات کئے جارہے ہیں۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket