چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر انتظام چلنے والے پہل ہیلپ لائن 911 سنٹر پشاور کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے سنٹر کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پرنگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور، سیکرٹری ریلیف عنایت اللہ وسیم اور متعلقہ افسران بھی چیف سیکرٹری کے ہمراہ موجود تھے۔ چیف سیکرٹری کو پہل ہیلپ لائن کے تحت فراہم کی جانے والی سہولیات اور خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ایمرجنسی، ریسکیو، پولیس، نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس سمیت دیگر اہم ہیلپ لائن کو پہل ہیلپ لائن کے ساتھ منسلک کرکے ایک پلیٹ فارم کے ذ ریعے عوام کو تمام ہیلپ لائن تک آسان رسائی فراہم کی جارہی ہے جبکہ مستقبل میں سماجی بہبود، سیر وسیاحت اور سائبر کرائم ہیلپ لائن کو بھی پہل ہیلپ لائن کے ساتھ منسلک کیا جائیگا۔ چیف سیکرٹری نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ناگہانی حالات میں پہل اور دیگر ہیلپ لائن کا عوام کے لیئے فوری رسپانس ممکن بنایا جائے تاکہ ایمرجنسی حالات میں ممکنہ نقصانات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ مذکورہ ہیلپ لائن کے عملے کو زیادہ سے زیادہ مؤثر اور کارآمد بنانے کیلئے بہترین اور اچھی تربیت دی جائے ان ہیلپ لائن کے قیام کا بنیادی مقصد ایمرجنسی حالات پر قابو پانے اور متاثرہ لوگوں کو موقع پر ریسکیوخدمات فراہم کرنا ہے۔ کیونکہ ناگہانی حالات میں ریسکیو خدمات کی تاخیر سے زیادہ نقصانات کا خدشہ برقرار رہتا ہے۔