Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, September 9, 2024

ڈی جی آئی ایس پی آر کی ترقی اور پشاور کے نئے کور کمانڈر

عقیل یوسفزئی
پاک فوج کے تین میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے نئے عہدوں پر ترقیاں دے دی گئی ہیں جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چودھری اور الیونتھ کور پشاور کے لیے تعینات ہونے والے نئے کور کمانڈر جنرل عمر احمد بخاری بھی شامل ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف لیفٹینٹ جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز پاک فوج کے تین اہم میجر جنرلز کو ان کی اعلیٰ کارکردگی اور سینیارٹی کی بنیاد پر ترقی دیکر انہیں لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدوں پر ترقی دی ہے ۔

جو میجر جنرلز ترقی پاکر لیفٹیننٹ جنرل بن گئے ہیں ان میں ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چودھری ، جنرل عمر احمد بخاری اور جنرل عنایت حسین شامل ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری حسب معمول اپنے موجودہ عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے ۔ ان کو یہ ذمہ داری دسمبر 2022 کو سونپی گئی تھی جو کہ وہ بہترین طریقے سے نبھاتے آرہے ہیں ۔ ان کا تعلق پاک فوج کے الیکٹریکل ، انجینئرنگ کور سے ہے ۔ وہ پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان سلطان بشیر محمود کے صاحبزادے ہیں۔

ترقی پانے والے دوسرے اہم آفیسر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری متعدد اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں ۔ وہ ڈی جی رینجرز سندھ بھی رہے ہیں ۔ ان کی یہ تعیناتی اپریل 2019 کو عمل میں لائی گئی تھی ۔ وہ پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں ملٹری اتاشی بھی رہے ہیں اور اعزازی شمشیر پانے والوں میں شامل ہیں ۔ ان کو لیفٹیننٹ جنرل کی ترقی دیکر کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے ۔

ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین وایس چیف آف جنرل سٹاف ، چیف انسٹرکٹر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور کمانڈنگ آفیسر گوادر ڈویژن رہے ہیں ۔ وہ 2014 کے دوران پشاور میں 102 بریگیڈ کے کمانڈر بھی رہے ہیں.

اس سے پہلے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات 16 مئی کو فوج سے اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جبکہ سابقہ منگلا کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ایمن بلال پہلے سے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں جن کی جگہ پر سی ایل ایس لیفٹیننٹ جنرل نعمان ذکریا کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے

نئے پروموٹ ہونے والے افسران میں سے دو کو ان جانے والے افسران کی جگہ پر معمول کے مطابق تعینات کیا گیا ہے – ان میں نئے پروموٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کو سی ایل ایس اپوائنٹ کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری کو پشاور کور کمانڈر تعینات کیا گیا ہے جبکہ نئے پروموٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف ڈی جی ائی ایس پی ار کے عہدے پر ہی برقرار رکھے گئے ہیں

پی ٹی ائی کے پروپیگینڈسٹ اور جھوٹ بولنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہمیشہ کی طرح ہر خبر کو توڑ مروڑ کر، بے بنیاد، من گھڑت اور مضحکہ خیز جھوٹ میں تبدیل کر دیتے ہیں جس سے اب پوری قوم بخوبی اگاہ ہو چکی ہے کہ اِن جھوٹ بولنے والے بدقسمت عناصر کا المیہ یہ ہے کے انھوں نے ہر سچ، حقیقت اور گراؤنڈ ریالٹی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیئے توڑ مروڑ کر پروپیگنڈا کرنا ہے جو پاکستان کے عوام اب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ یہ رویہ بہت منفی ہے اور مذکورہ پارٹی کے لیے خطرناک بھی کیونکہ ریاست نے 7 اور 9 مئی کو اپنی لکیر کھینچ کر واضح کردیا ہے کہ مزید شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ ساتھ میں یہ بھی کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزائیں دی جائیں گی ۔ اب بھی وقت ہے کہ معافی مانگ کر خود کو احتساب کے لیے پیش کیا جائے اور روایتی پروپگینڈا سے گریز کرتے ہوئے ریاست کے خلاف جاری سازشوں کا سلسلہ روک دیا جائے ورنہ ریاست کو کمزور سمجھنے والوں کو خود ہی نقصان اٹھانا پڑے گا ۔

 

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket