چترال لوئر: خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے مطابق وادی کیلاش کا روایتی اور ثقافتی اہمیت کا حامل چلم جوشی تہوار شروع ہو گیا ہے، جو 13 مئی سے 17 مئی تک جاری رہے گا۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹورازم اتھارٹی محمد سعد نے بتایا کہ تہوار کے پہلے روز وادی رمبور میں “چریک پیپی” کی رسم ادا کی جاتی ہے، جسے دودھ پینے اور تقسیم کرنے کا دن کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس رسم کے دوران لڑکے اور لڑکیاں بکریوں کے اصطبلوں کا رخ کرتے ہیں، جہاں اصطبلوں کو جنگلی پھولوں اور اخروٹ کے پتوں سے سجایا جاتا ہے۔ تہوار میں محبت اور بھائی چارے کے اظہار کے طور پر دودھ، پنیر اور دہی تقسیم کیے جاتے ہیں، جبکہ اخروٹ والی روٹی بنا کر بانٹنے کی روایت بھی اس تہوار کا حصہ ہے۔
چلم جوشی تہوار کے دوران شرکاء روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہیں اور کیلاش ثقافت کے رنگا رنگ مظاہر پیش کیے جاتے ہیں۔
محمد سعد کے مطابق ٹورازم پولیس کو لواری ٹنل سے وادی کیلاش تک مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو سہولیات اور سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈائریکٹر جنرل ٹورازم اتھارٹی شاہد خان کی ہدایات پر ٹورازم پولیس کی تمام چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کیلاش کی تینوں وادیوں میں جاری اس ثقافتی تقریب میں ملک بھر سمیت بیرون ملک سے آنے والے سیاح بڑی تعداد میں شریک ہیں، جبکہ تہوار کی اختتامی تقریب وادی بمبوریت میں منعقد ہوگی۔


