Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Wednesday, April 29, 2026

خیبرپختونخوا میں شاملاتی اراضی کی منتقلی پر مکمل پابندی

خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے بھر میں شاملاتی اراضی (مشترکہ زمینوں) کے انتقالات پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ مال خیبرپختونخوا کی جانب سے باقاعدہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے تمام ریونیو افسران اور متعلقہ عملے کو سختی سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ اعلامیے کے مطابق مختلف اضلاع میں شاملاتی اراضی کے انتقالات کی تصدیق کا عمل جاری تھا جس کے نتیجے میں دیوانی اور فوجداری مقدمات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس صورتحال کے پیش نظر حکومت نے فوری اقدام اٹھاتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں شاملاتی اراضی سے متعلق کوئی میوٹیشن درج یا تصدیق نہیں کی جا سکتی۔ محکمہ مال نے ہدایت کی ہے کہ شاملاتی اراضی عوام کی مشترکہ ملکیت ہوتی ہے، لہٰذا اسے کسی ایک فرد کے نام منتقل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ریونیو افسر یا اہلکار اس حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شاملاتی زمین کی منتقلی میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت قانونی اور محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ حکومت کے اس اقدام کو عوامی مفاد میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مشترکہ اراضی کے تحفظ کو یقینی بنانا اور غیر قانونی انتقالات کا سدباب کرنا ہے۔

خیبرپختونخوا میں شاملاتی اراضی کی منتقلی پر مکمل پابندی

Shopping Basket