ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی زیر صدارت محرم الحرام میں امن کے قیام اور انتظامات کے سلسلے میں اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران، ضلعی محکمہ جات کے افسران،واپڈا حکام، سوئی گیس حکام، کیپٹیل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ افسران، سول ڈیفنس افسران، ریسکیو 1122 افسران، صدر امامیہ جرگہ سمیت دیگر افراد و افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پشاور کو عمائدین نے اپنے مسائل و تحفظات کے بارے میں تفصیل سے بتایا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے ان کے مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کی یقین دہانی کی۔ اہل تشیع عمائدین نے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ وہ محرم الحرام میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے اور پشاور میں امن کی فضا ء کو برقرار رکھنے میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام ضروری اقدامات وقت پر مکمل کیے جائیں اور صفائی کا خاص خیال رکھا جائے اور سی سی ٹی سی کیمروں کی تنصیب کو جلد مکمل کیا جائے اور واپڈا حکام لٹکتی تاروں کو درست کریں۔ انھوں نے لوڈ شیڈنگ اور سوئی گیس پریشر کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے اجلاس کے اختتام پر اہل تشیع عمائدین کاانتظامیہ کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا۔اور انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون اور ان کے جا ئز مسائل کے حل کی یقین دہائی کروائی۔