ڈیرہ اسماعیل خان: ہفتۂ شہدائے پولیس کے سلسلے میں خیبر پختونخوا پولیس نے فاطمید فاؤنڈیشن کے اشتراک سے اعجاز شہید پولیس لائنز میں بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد کیا، جس میں پولیس افسران اور جوانوں نے رضاکارانہ طور پر خون کے عطیات دے کر شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
کیمپ میں ریجنل پولیس آفیسر غلام مبشر میکن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ضیاءالدین احمد سمیت پولیس افسران اور اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر آر پی او غلام مبشر میکن نے کہا کہ پولیس شہداء نے وطن کے امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دینا دراصل زندگی بچانے کے مترادف ہے اور ہفتۂ شہدائے پولیس کے موقع پر یہ اقدام شہداء کے عظیم مشن سے تجدیدِ عہد اور انسانیت کی خدمت کے جذبے کا عملی اظہار ہے۔
ڈی پی او ضیاءالدین احمد نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور شہداء کے اہلِ خانہ پوری پولیس فورس کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور انسانیت کی خدمت کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ قومی فریضہ بھی سمجھتی ہے۔
تقریب کے اختتام پر فاطمید فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے ڈیرہ ریجن پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے عطیہ کیا گیا خون نہ صرف قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوگا بلکہ معاشرے میں ایثار، ہمدردی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو بھی فروغ دے گا۔


