قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کے کلب شمع کرکٹ کلب کی جانب سے پشاور میں شمع پریمیئر لیگ سیزن 2 کی تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی اس موقع پر فرسٹ کلاس کرکٹر حماد الحسن مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں شمع ایسوسی ایٹس کے ذیشان حمید، امیتاز علی، حنیف شاہ، فرمان لالا اور پی آئی ایم ایس کے انور خان سمیت مختلف کرکٹ کلبوں کے کھلاڑیوں، کوچز اور نمائندوں نے شرکت کی۔ ایس پی ایل کے سیزن 2 میں 17 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ تقریب میں حماد الحسن اور دیگر مہمانوں نے ٹرافی کی رونمائی کی۔ حماد الحسن کا کہنا تھا کہ مقامی اور کلب کرکٹ کی وجہ سے ہی نئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان، افتخار احمد، محمد حارث اور دیگر کھلاڑی اس بات کی زندہ مثال ہیں، نئے لڑکوں کو مکمل ٹریننگ اور سہولیات فراہم کی جائیں تو وہ ہر سطح پر صوبے اور پاکستان کا نام روشن کر سکتے ہیں۔