ٹانک:جنڈولہ میں مقامی ونگ کمانڈر کی زیرِ قیادت ایک اجلاس/جرگہ منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ، ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے نمائندوں، مقامی عمائدین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں علاقے میں موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ اور مواصلاتی سہولیات سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس کے دوران نوجوانوں اور مقامی افراد نے موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ، آن لائن تعلیم اور دیگر مواصلاتی خدمات میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیوں کے نمائندوں نے شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے اعتراف کیا کہ علاقے میں صارفین کی تعداد کے مقابلے میں سیلولر ٹاورز ناکافی ہیں، جس کی وجہ سے نیٹ ورک کے مسائل پیش آ رہے ہیں۔ نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد تکنیکی ٹیم علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لے گی اور مسائل کے حل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔ مزید برآں، نیٹ ورک کوریج بہتر بنانے کے لیے اضافی سیلولر ٹاورز کی تنصیب کی تجویز بھی متعلقہ حکام کو ارسال کرنے کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس کے شرکاء نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون اور متعلقہ اداروں کی کوششوں سے جنڈولہ میں مواصلاتی سہولیات میں بہتری آئے گی، جس سے عوام خصوصاً طلبہ اور کاروباری افراد کو فائدہ پہنچے گا


