الیکشن کمیشن آف پاکستان نےخیبر پختونخوا میں تحصیل میئر کے خالی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔ خالی ہونے والے نشستوں میں تحصیل کونسل دروش چترال، تنگی چارسدہ، درابند ڈی آئ خان، کاٹلنگ مردان، داسو کوہستان اور تحصیل کونسل بلامبٹ لوئر دیر شامل ہیں۔ جاری شیڈول کے مطابق مذکورہ نشستوں پر انتخابات 25 اپریل ،2024 کو ہونگے، ریٹرننگ افسران 15 مارچ کو پبلک نوٹس جاری کریں گے جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 18مارچ 2024 سے 20 مارچ 2024 تک جمع کراسکتے ہیں۔ شیڈول کے مطابق 21 مارچ کو کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کی فہرست جاری کی جائیگی اور کاغذات کی جانچ پڑتال 22 مارچ تا 24 مارچ 2024 کو ہوگی، جس کے بعد درست قرار دئے گئے امیدواروں کی فہرست 25 مارچ کو جاری ہوگی۔
کاغذات کی منظوری اور مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 26 مارچ تا 28 مارچ 2024 تک داخل کی جاسکیں گی جن پر فیصلہ 2 اپریل تک کیا جائیگا۔ اسی طرح امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 4 اپریل تک واپس لے سکیں گے۔ جس کے بعد 5 اپریل کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرکے ان کو انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری ضابطہ اخلاق کے مطابق ان اضلاع میں سرکاری ملازمین کی ترقیوں اور تبادلوں پر پابندی عائدکی گئی ہے۔ وزیراعظم، سپیکر/ڈپٹی سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی، وفاقی اور صوبائی وزراء سمیت عوامی نمائیندوں کا ان کونسلوں میں انتخابات تک جانے اور وہاں ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات پر پابندی ہوگی۔