عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام مین کیمپس میں دو روزہ فن فئیر شروع ہو گیا۔ سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے فن فئیر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے علاؤہ مختلف اداروں نے سٹال لگائے تھے جن میں کھانے پینے کی اشیاء، مختلف روایتی مصنوعات اور مختلف شعبوں میں کنسلٹنسی فرمز شامل تھے۔ فن فئیر میں یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور فیملیز نے گہری دلچسپی لی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سٹی مئیر حمایت اللہ مایار نے کہا کہ ملک کے معروضی حالات میں امن کے نام سے اس قسم کی سرگرمی تازہ ہوا کے جھونکے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی علوم باالخصوص سیاسیات کے ماہرین دنیا میں جاری جنگوں اور انتہا پسندی کے رحجانات کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ انسانی حقوق کے احترام اور اظہار رائے کی آزادی کو تسلیم کیا جائے۔ حمایت اللہ مایار نے کامیاب امن فن فئیر کے انعقاد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظاہر شاہ، شعبہ پولیٹیکل سائنس کے فیکلٹی اور طلبہ و طالبات اور آرگنائزرز کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان نے قلیل عرصے میں نمایاں ترقی کی ہے اور صوبائی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر اس کی خدمات کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ حمایت اللہ مایار نے فن فئیر میں لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور طلبہ و طالبات سے بات چیت کی اور فن فئیر میں ان کی دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے اس موقع فیکلٹی اور آرگنائزرز میں توصیفی اسناد بھی تقسیم کیے۔