صوابی کے گاؤں پرمولو میں مقامی نوجوانوں کی تنظیم نے سپیشل سروسز گروپ فاؤنڈیشن کے تعاون سے ایک فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا۔ اس کیمپ میں 450 مریضوں کا معائنہ کیا گیا اور مفت ادویات دی گئیں۔ میڈیکل کیمپ میں آنے والوں میں زیادہ تر خواتین مریض تھیں۔ اس موقع پر ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ اس علاقے کے اکثر لوگ خوراک کی کمی اور لاعلمی کے باعث مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹر حیدر کے مطابق اس کیمپ میں کچھ ایسے بچے لائے گئے تھے جنہیں ناقص خوراک کی وجہ سے صحت کے مسائل تھے۔ میڈیکل کیمپ کے سربراہ ڈاکٹر مقدس نے کہا کہ وہ زیادہ تر دور دراز علاقوں کے غریب لوگوں کا علاج کرتے ہیں اور آئندہ بھی یہ کام جاری رکھیں گے۔
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی طرف سے 9000 متاثرہ گھرانوں کیلئے امداد
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی طرف سے خیبر پختونخوا اوربلوچستان کے 9000 حالیہ سیلاب سے متاثرہ گھرانوں کیلئے ہنگامی امداد۔ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حاليه شدید بارشوں کی وجہ سے آنے والے تباہ کن سیلاب کے پیش نظر کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے سیلاب متاثرین کی اہم ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 9,000 شیلٹر اور نان فوڈ آئٹمز (NFIs) پر مشتمل کٹس روانہ کی ہیں۔ ضروری امدادی کٹس میں شیلٹرز، سولر پینلز، کمبل، پلاسٹک میٹ، کچن سیٹ، واٹر کولر اور اینٹی بیکٹیریل صابن پر مشتمل ان 9,000 شیلٹر NFIs کٹس سے 63,000 افراد سے زائد افراد مستفید ہونگے۔
اس ہنگامی امداد سے خیبرپختونخوا کے پانچ اضلاع (اپر دیر، لوئر چترال، سوات، چارسدہ، ڈی آئی خان) جبکہ بلوچستان کے تین اضلاع (گوادر، چاغی، پشین) میں رہنے والے سیلاب متاثرین کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔ یہ امدادی کٹس نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) اور حکومت خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے تعاون سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ یہ اقدام انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لیے مملکت سعودی عرب کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے اور مصیبت کے وقت پاکستان میں متاثرہ خاندانوں کی مدد کے لیے جاری لگن کی عکاسی کرتا ہے۔
سرٹیفائیڈ سورج مکھی پھول کے تخم خیبر کے 300 زمینداروں میں تقسیم
پاکستان کے سب سے اچھے کمپنی کے سرٹیفائیڈ سورج مکھی پھول کے تخم خیبر کے 300 زمینداروں میں تقسیم کئے جا رہے ہیں، جس سے 300 ایکڑ زمین پر کاشت کرکے فی ایکڑ 12 من تک اعلیٰ قسم کے تخم حاصل کیئے جاسکے گے، ممبر قومی اسمبلی اقبال آفریدی۔ یو ایس ایڈ کے ایکنامک ریکوری اینڈ ایگریکلچر ڈیویلپمنٹ ایکٹیویٹیز (ERADA) آرگنائزیشن کے مالی تعاون سے اس پروگرام کے تقریب کے موقع پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر ضیاء السلام، انسپکٹر زراعت شفقت علی، ایگریکلچر آفیسر شرافت خان اور پی ٹی آئی کے خان عالم اور صابر آفریدی سمیت کثیر تعداد میں زمینداروں نے شرکت کی۔ باڑہ میں ایگریکلچر ایکسٹینشن پروگرام کے دفتر میں زمینداروں کو سورج مکھی پھول کے تخم کی تقسیم کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے اقبال آفریدی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی میں موسمی تغیرات کے پیش نظر مئی تا ستمبر تک قابل کاشت ہے جس سے خیبر کے 300 خاندانوں پر مشتمل ہزاروں افراد کے روزگار کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے کھانے کے لیے اعلیٰ قسم کا تیل نکلتا ہےجو دل کے شریانوں کے لئے مفید ہے اور دوسری طرف ملک کی معیشت بہتر ہو جائے گی کیونکہ ہم ایک بڑی رقم تیل کی درآمد پر لگاتے ہیں جس سے زرمبادلہ میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا یہی مشن تھا اور ہے کہ پاکستان کے عوام کو روزگار دے کر ان کے تعلیمی اور صحت کے مسائل بھی حل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جب ایک خاندان معاشی طور پر مستحکم ہوگا تو ملک و قوم بھی ترقی کرے گا اور تعلیم کی شرح بھی زیادہ ہوگی جس سے خوشحالی اور امن رہے گا۔ محکمہ زراعت توسیع کے مطابق ایک بیگ میں اعلیٰ کوالٹی کے سورج مکھی کے دو کلو تخم ہیں جس سے ایک ایکڑ زمین پر کاشت کرنے سے 12 من فصل حاصل کیا جاسکتا ہے جس سےفی من تقریباً 22 لیٹر اعلیٰ کوالٹی کےما تیل حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ کے ایرڈا پروگرام کے تحت خیبر کے زمینداروں کو بہت سہولیات حاصل ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پر فصل کاشت کرکے ہزاروں افراد کو حلال رزق حاصل ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ : شاہراہ کاغان دوسرے روز بھی بند
شاہراہ کاغان گھنول کے مقام سے ٹریفک کےلئے دوسرے روز بھی بند ہیں۔ کاغان گھنول کے مقام سے بندش کو 24 گھنٹوں سے زیادہ وقت گزر گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ سے بند شاہراہ کاغان کو کھولنے کا کام جاری؛ این ایچ اے حکام بھاری پتھروں کو توڑ کر سڑک کو ٹریفک کےلئے کھولا جا رہا ہے۔ گزشتہ روز شاہراہ کاغان علی الصبح لینڈ سلائیڈنگ سے ٹریفک کےلئے بند ہوگئی تھی۔ سڑک کی بندش سے وادی کاغان جانے اور واپس آنے والے مسافر اور سیاح 24 گھنٹے سے محصور ہیں۔ سڑک کھولنے کا کام دیر سے شروع ہونے پر سڑک کو24 گھنٹے گزرنے کے بعد بھی ٹریفک نہیں کھولا جاسکا۔ بالاکوٹ ٹنوں وزنی بھاری پتھر اور ملبہ سڑک پر پڑا ھے۔
دوسرا ٹی ٹونٹی میچ، پاکستان نے ائیر لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی
دوسرا ٹی ٹونٹی میچ. پاکستان نے ائیر لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کردی. یاد رہے کہ ایئر لینڈ نے پاکستان کو جیت کیلئے 194 رنز کا ہدف دیا تھا. محمد رضوان نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ناٹ آوٹ رہے.
ایف آئی اے امیگریشن کی پشاور ائرپورٹ پر بڑی کاروائی
جعلی پاسپورٹس پر خواتین اور بچوں کی بیرون ملک سمگلنگ کو ناکام بنا دیا گیا۔ ایف آئی اے امیگریشن نے خاتون کو 5 بچوں سمیت آف لوڈ کیا تھا۔ بچوں کی عمریں 10 سے 18 سال کے درمیان ہیں۔ مسافر افغان پاسپورٹس پر یو کے جا رہے تھے۔ مسافروں کی جانب سے پیش کئے جانے والے افغان پاسپورٹ مشتبہ پائے گئے تھے۔ مسافر غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کر کے پاکستان داخل ہوئے تھے۔ مسافروں کا پاکستان آمد کے حوالے سے کسی قسم کا سفری ریکارڈ سسٹم میں موجود نہ تھا۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹ سے مذکورہ افغان پاسپورٹ حاصل کئے۔ افغان قونصلیٹ کی جانب سے بھی مسافروں کے پاسپورٹس کو جعلی قرار دیا گیا تھا۔ مسافروں کے خلاف اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل پشاور نے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حوالہ ہنڈی ملزمان گرفتار – 7 کروڑ 49 لاکھ روپے برآمد
ایف آئی اے کوہاٹ زون کی بڑی کاروائی, وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی اور ڈی جی ایف آئی اے احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات کی روشنی میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتارکئے گئے۔ چھاپہ مار کاروائی خفیہ اطلاع موصول ہونے پر کیڈٹ کالج چیک پوسٹ کے پاس عمل میں لائی گئی۔ چھاپہ مار کاروائی میں پک اپ سے 7 کروڑ 49 لاکھ روپے برآمد کئے گئے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق برآمد شدہ رقم حوالہ ہنڈی کے کاروبار سے حاصل کردہ تھی۔ چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سید امین اور شمس القمر کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوبائی حکومت نے 29 ارب روپے کی گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی
صوبائی حکومت نے تقریباً 29 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی ہے جو دو ماہ تک جاری رہی گی۔ ظاہر شاہ طورو
صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ وزیر خوراک
خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تقریباً 29 ارب روپے کی لاگت سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریداری 7 مئی سے شروع کی ہے جو دو ماہ تک جاری رہی گی،صوبے میں معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممبر صوبائی اسمبلی افتخار احمد جدون کے ہمراہ حویلیاں ایبٹ آباد میں گندم خریداری مرکز/گندم گودام کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ گوڈ کنٹرولر ایبٹ آباد نے صوبائی وزیر خوراک کو گندم خریداری کے لئے کئے گئے تمام انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گودام میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور گودام میں تقریباً 18 ہزار میٹرک ٹن گندم کو ذخیرہ کیا جا سکتا ہے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گندم خریداری میں پہلے آئیں پہلے پائیں کے اصول اور شفافیت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے،۔انہوں نے کہا کہ مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری کا فیصلہ صوبائی حکومت نے کسانوں کے بہتر مفاد میں کیا ہے، مقامی کاشتکاروں سے گندم خریداری سے صوبے کو 12 ارب روپے کی بچت بھی ہوگی،انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری میں ملوث بد عنوان اہلکار نہ صرف انسان دشمن تصور ہو ں گے بلکہ انکو مثالی سزا بھی دی جائے گی۔صوبائی وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پر یقین رکھتے ہیں جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا وژن کا ہے۔
مصر کے محمد زکریا نے چیف آف دی نیول اسکواش چیمپئن شپ جیت لی
مصر کے محمد زکریا سولہویں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2024 کے فاتح قرارپائے۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کا پاکستان نیوی روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس کراچی میں انعقاد ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاکستان کے ناصر اقبال چیمپیئن شپ کے رنر اپ رہے۔ چیمپئن شپ میں 5 ملکی اور 19 غیر ملکی کھلاڑی شریک تھے۔ چیمپئن شپ میں مصر، ہانگ کانگ، ملایشیاء، جمہوریہ چیک، جاپان، جرمنی، برطانیہ اور نیدرلینڈز کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ نیول چیف نے چیمپئن شپ کے فاتح اور رنر اپ کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ اختتامی تقریب میں سول و عسکری معززین، اسپانسرز، قومی کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی ترقی اور پشاور کے نئے کور کمانڈر
عقیل یوسفزئی
پاک فوج کے تین میجر جنرلز کو لیفٹیننٹ جنرلز کے نئے عہدوں پر ترقیاں دے دی گئی ہیں جن میں ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چودھری اور الیونتھ کور پشاور کے لیے تعینات ہونے والے نئے کور کمانڈر جنرل عمر احمد بخاری بھی شامل ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آرمی چیف لیفٹینٹ جنرل عاصم منیر نے گزشتہ روز پاک فوج کے تین اہم میجر جنرلز کو ان کی اعلیٰ کارکردگی اور سینیارٹی کی بنیاد پر ترقی دیکر انہیں لیفٹیننٹ جنرلز کے عہدوں پر ترقی دی ہے ۔
جو میجر جنرلز ترقی پاکر لیفٹیننٹ جنرل بن گئے ہیں ان میں ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چودھری ، جنرل عمر احمد بخاری اور جنرل عنایت حسین شامل ہیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری حسب معمول اپنے موجودہ عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہیں گے ۔ ان کو یہ ذمہ داری دسمبر 2022 کو سونپی گئی تھی جو کہ وہ بہترین طریقے سے نبھاتے آرہے ہیں ۔ ان کا تعلق پاک فوج کے الیکٹریکل ، انجینئرنگ کور سے ہے ۔ وہ پاکستان کے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان سلطان بشیر محمود کے صاحبزادے ہیں۔
ترقی پانے والے دوسرے اہم آفیسر لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری متعدد اہم عہدوں پر فرائض سرانجام دیتے رہے ہیں ۔ وہ ڈی جی رینجرز سندھ بھی رہے ہیں ۔ ان کی یہ تعیناتی اپریل 2019 کو عمل میں لائی گئی تھی ۔ وہ پاکستان ہائی کمیشن برطانیہ میں ملٹری اتاشی بھی رہے ہیں اور اعزازی شمشیر پانے والوں میں شامل ہیں ۔ ان کو لیفٹیننٹ جنرل کی ترقی دیکر کور کمانڈر پشاور تعینات کیا گیا ہے ۔
ترقی پانے والے لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین وایس چیف آف جنرل سٹاف ، چیف انسٹرکٹر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور کمانڈنگ آفیسر گوادر ڈویژن رہے ہیں ۔ وہ 2014 کے دوران پشاور میں 102 بریگیڈ کے کمانڈر بھی رہے ہیں.
اس سے پہلے کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات 16 مئی کو فوج سے اپنی مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد ریٹائر ہو رہے ہیں۔ جبکہ سابقہ منگلا کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ ایمن بلال پہلے سے ہی ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں جن کی جگہ پر سی ایل ایس لیفٹیننٹ جنرل نعمان ذکریا کو کور کمانڈر منگلا تعینات کیا گیا ہے
نئے پروموٹ ہونے والے افسران میں سے دو کو ان جانے والے افسران کی جگہ پر معمول کے مطابق تعینات کیا گیا ہے – ان میں نئے پروموٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل عنایت حسین کو سی ایل ایس اپوائنٹ کیا گیا ہے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل عمر بخاری کو پشاور کور کمانڈر تعینات کیا گیا ہے جبکہ نئے پروموٹ ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف ڈی جی ائی ایس پی ار کے عہدے پر ہی برقرار رکھے گئے ہیں
پی ٹی ائی کے پروپیگینڈسٹ اور جھوٹ بولنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ہمیشہ کی طرح ہر خبر کو توڑ مروڑ کر، بے بنیاد، من گھڑت اور مضحکہ خیز جھوٹ میں تبدیل کر دیتے ہیں جس سے اب پوری قوم بخوبی اگاہ ہو چکی ہے کہ اِن جھوٹ بولنے والے بدقسمت عناصر کا المیہ یہ ہے کے انھوں نے ہر سچ، حقیقت اور گراؤنڈ ریالٹی کو اپنے مذموم مقاصد کے لیئے توڑ مروڑ کر پروپیگنڈا کرنا ہے جو پاکستان کے عوام اب اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ یہ رویہ بہت منفی ہے اور مذکورہ پارٹی کے لیے خطرناک بھی کیونکہ ریاست نے 7 اور 9 مئی کو اپنی لکیر کھینچ کر واضح کردیا ہے کہ مزید شرپسندی کو برداشت نہیں کیا جاسکتا ۔ ساتھ میں یہ بھی کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو سزائیں دی جائیں گی ۔ اب بھی وقت ہے کہ معافی مانگ کر خود کو احتساب کے لیے پیش کیا جائے اور روایتی پروپگینڈا سے گریز کرتے ہوئے ریاست کے خلاف جاری سازشوں کا سلسلہ روک دیا جائے ورنہ ریاست کو کمزور سمجھنے والوں کو خود ہی نقصان اٹھانا پڑے گا ۔