Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 29, 2024

نگران کابینہ اور خیبر پختونخوا کے جمہوری اقدار

نگران کابینہ  اور خیبر پختونخوا کے جمہوری اقدار

کاشف احمد

خیبر پختونخوا  نے جمہوریت پسندی اور جمہوری اقدار و روایات کا ایک بار پھر پاس رکھتے ہوئے نگران کابینہ کےانتخاب کے عمل کو نہایت خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے جمعرات کے روز نگران وزیر اعلٰی محمد اعظم خان کی سربراہی میں 14 وزراء پر مشتمل کابینہ سےحلف لے لیا۔

ویسے تو پورے پاکستان میں جمہوری  اصول پر عمل کو یقینی بنانے کی سعی کی جاتی ہے لیکن اس لحاظ سے خیبر پختونخوا کو فوقیت اس لئے حاصل ہے کہ اس صوبہ کے سیاست دانوں اور  ریاستی اداروں نے ہمیشہ جمہوری روایات کو مظبوط سے مظبوط تر کرنے کےلئے فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے۔

جنوری کے 17 تاریخ کو جب صوبے کے سابق وزیر اعلٰی  نے اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر ہاؤس ارسال کردی تو گورنر نے  اس عمل کا حصہ نہ بننے کے حوالے سے لوگوں کے شکوک و شبہات کو یکسر رد کرتے ہوئے  اگلے دن محض  12 گھنٹے (رات) بعد سمری کو منظور کرتے ہوئے أصول پسندی کا واضح ثبوت دیا۔

بعد ازاں تمام تر مخالفت کے باوجود اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے پی ٹی آئی کے سابق وزیر اعلٰی  کے ساتھ بیٹھ کر افہام و تفہیم کے ذریعے نگران وزیر اعلٰی کےانتخاب کے عمل کو بغیر کسی تاخیر کے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ اور اس کے محض تین دن بعد ہی نگران کابینہ کی تعیناتی کے عمل کو بھی بڑے خوش اسلوبی سے سر انجام دے دیا گیا۔

خیبر پختونخوا کابینہ قانون،  تجارت ، سیاست اور  امن  و آمان سمیت   ذندگی کے  مختلف شعبوں میں  انتہائی مہارت کے حامل افراد پر مشتمل  ہے۔  جن کی موجودگی سے جمہوری عمل  کا استحکام اورانتقال اقتدار کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل ہونے کی توقع ہے۔

کابینہ میں شامل  خاتون  جسٹس ریٹائرڈ ارشاد قیصر پشاور ہائیکورٹ کی جج اور الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بطور ممبر فرائض انجام دے چکی ہیں۔  جسٹس ارشاد قیصر کو کابینہ میں شامل کر کے  نہ صرف خواتین کی بہتر نمائندگی کا انتظام کیا گیا ہے بلکہ ان کی قانونی و آئینی مہارت  ہر قسم کی پیچیدہ صورتحال  میں معاون ثابت ہوگی۔

صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر اگر نظر ڈالی جائے تو چارسدہ سے تعلق رکھنے والے سابق آئی جی پولیس سید مسعود  شاہ  کی نگران کابینہ میں شمولیت  ایک بہترین انتخاب  ہے  ۔ اسی  طرح تجارت و صنعت  اور سیاسی اور انتظامی أمور سے وابستہ شخصیات  معاشی فیصلہ سازی میں انتہائی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں نے  اس عمل  رواداری سے مکمل کرتے سیاسی سنجیدگی کا مظاہرہ کیا  ہےجس سے ظاہر ہوتا ہے کے  یہ سیاست دان جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں  کیونکہ جمہوریت ہی ایک آزاد معاشرے کی بنیاد ہے اور جمہوری نظام و روایات کے تسلسل ہی سے پائدار ترقی ممکن ہے۔

نگران کابینہ میں نہ صرف تمام سیاسی جماعتوں کے آراء کا احترام کیا گیا ہے بلکہ دہائیوں سے سیاسی قیادت سے محروم قبائیلی اضلاع کو بھی مناسب نمائندگی دی گئی ہے۔ جو کہ سیاسی استحکام کی طرف ایک اور قدم ہے اور اس سے یہ بات بھی ظاہر ہوتی ہے کہ ذاتی پسند ناپسند کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد یعنی سیاسی استحکام کو ترجیح دی گئی جس کی اس وقت اس ملک کو شدید ضرورت ہے۔

اگر غور سے دیکھا جائے تو موجودہ حالات میں پاکستان کے بڑے مسائل میں شدت پسندی اور معاشی پستی کے بعد سب سے بڑا مسئلہ سیاسی عدم استحکام ہے جبکہ مذکورہ بالا مسائل کے حل کے لئےسیاسی استحکام ناگزیر ہے۔  تاہم خیبر پختونخوا میں جمہوریت کے تسلسل کے  حوصلہ افزاء پیش رفت سے امید کی جا سکتی ہے کہ اس عمل سے مستقبل قریب میں شدت پسندی اور معاشی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

خیبر پختونخوا کے مثال کو سامنے رکھتے ہوئے اس ملکی سطح کے سیاسی قیادت کی زمہ داری  بنتی ہے کہ وہ باہمی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنی قوم کی خاطرتنازعات و مسائل کے حل کےلئے سیاسی مفاہمت کا راستہ اپنائے۔  کیونکہ معاشی، سیاسی اوردہشت گردی کی صورت میں درپیش خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے قومی ہم آہنگی کی روایت کو دہراتے ہوئے سیاست برائے سیاست کی بجائے سیاست برائے خدمت کو مقدم رکھنے کی شدید ضورت ہے۔

حزب اقتدار اور حزب اختلاف سمیت تمام سیاسی، سماجی و دینی جماعتوں اور رہنمائوں کو مل کرقومی مفادات کے تحفظ اورپائیدار امن کے قیام کی خود بھی کوشش کرنا ہوگی اور اپنی کوششوں میں تمام محب وطن قوتوں کو بھی شامل کرنا ہوگا، تاکہ وطن عزیز کے ازلی دشمن کی سازشوں کو مکمل طور پر ناکام اور ملک کو صحیح معنوں میں ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔ کسی ایک سیاسی جماعت یا ادارے پر ذمّے داری عاید کرنے سے کبھی مسئلہ حل نہیں ہو گا، لیکن اگر ہم منظّم انداز میں مشترکہ جدوجہد کریں گے تو اس پائیدار امن کی چوٹی کو سیاسی استحکام کے ذریعے سرکرنا مشکل نہیں رہے گا۔

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket