پشاور (14 اپریل 2026): خیبرپختونخوا اسمبلی کے جرگہ ہال میں 327ویں ویساکھی خالصہ ڈے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مذہبی ہم آہنگی، بین المذاہب اتحاد اور امن کے فروغ کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا۔ تقریب میں کیک کاٹا گیا جبکہ شرکاء نے ایک دوسرے کو مبارکباد بھی پیش کی۔
اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ویساکھی خالصہ ڈے کی تقریب اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ اسمبلی مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ادارہ تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے یکساں احترام اور آزادی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔
تقریب کے انتظامات ایم پی اے باباجی گورپال سنگھ اور ایم پی اے بہاری لال نے کیے، جبکہ ایم پی اے عسکر پرویز، خواتین کی مخصوص نشست پر ایم پی اے اشبر جان جادون اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی و اقلیتی امور عطا الرحمٰن بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایم پی اے بہاری لال نے اپنے خطاب میں کہا کہ سکھ برادری پاکستان کا اہم حصہ ہے اور ویساکھی کا تہوار اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم سب ایک ملک کے شہری ہیں۔ ایم پی اے عسکر پرویز نے کہا کہ اقلیتوں کے مذہبی تہواروں میں حکومتی شرکت مذہبی آزادی کی ضمانت ہے اور ایسی تقریبات سے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے۔
ایم پی اے اشبر جان جادون نے ویساکھی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا تمام مذاہب کے لیے ایک پرامن صوبہ ہے اور اسمبلی کی سطح پر اس طرح کی تقریبات مذہبی رواداری کو مزید مضبوط بناتی ہیں۔
آخر میں سیکرٹری اوقاف عطا الرحمٰن نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے برابر حقوق کی فراہمی کے لیے پُرعزم ہے اور ویساکھی جیسے تہوار صوبے میں امن، محبت اور رواداری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ویساکھی کے موقع پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور خالصہ ڈے کی روایات کے مطابق امن، محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیا۔


