پشاور: گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باعث پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) ریجن میں 84 بجلی فیڈرز عارضی طور پر بند ہو گئے، جس سے پشاور، خیبر، مردان، صوابی اور سوات سرکلز کے بعض علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
پیسکو کے ترجمان کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں پشاور سرکل کے 41، خیبر کے 22، مردان کے 12، صوابی کے 5 اور سوات سرکل کے 4 فیڈرز شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بجلی کی بحالی کے لیے مرمتی کام تیزی سے جاری ہیں اور متاثرہ علاقوں میں جلد بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیسکو چیف کی ہدایت پر جنرل منیجر آپریشنز خود مرمتی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں تاکہ بجلی کی ترسیل کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔


