Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Friday, July 31, 2026

کوئٹہ کوئلہ کان دھماکہ: شانگلہ کے 34 مزدور جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے سورینج اور اسپین کاریز کی کوئلہ کانوں میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ سے تعلق رکھنے والے 34 کان کن جاں بحق ہوگئے، جبکہ ریسکیو ٹیمیں مزید مزدوروں کی تلاش کے لیے امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ضلع شانگلہ کے متعدد علاقوں کے مزدور شامل ہیں، جبکہ الپوری کے ایک ہی گاؤں سے تعلق رکھنے والے 22 افراد بھی اس افسوسناک حادثے کا شکار ہوئے ہیں، جس کے باعث علاقے میں کہرام مچ گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متعدد لاشیں کان سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ باقی مزدوروں کی تلاش کا عمل جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق کان کنوں کی میتیں آج شام تک ان کے آبائی علاقوں کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

یہ مزدور روزگار کی تلاش میں کوئٹہ کی کوئلہ کانوں میں کام کرنے گئے تھے، تاہم یہ سانحہ ان کے اہل خانہ کے لیے ناقابلِ تلافی صدمے کا باعث بن گیا۔ شانگلہ بھر میں سوگ کی فضا ہے اور مختلف علاقوں میں تعزیت کا سلسلہ جاری ہے۔

اس المناک حادثے کے بعد کوئلہ کانوں میں حفاظتی انتظامات اور مزدوروں کی جانوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

مقامی عمائدین اور عوام نے جاں بحق کان کنوں کے لیے اجتماعی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

کوئٹہ کوئلہ کان دھماکہ: شانگلہ کے 34 مزدور جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

Shopping Basket