Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, April 20, 2026

خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات بارے اجلاس

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے زیرِ صدارت شعبہ تعلیم میں جاری اصلاحات سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مجوزہ اصلاحاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو صوبے میں انٹر ڈسپلنری ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے 50 کروڑ روپے جاری کرنے کی ہدایت کی، جبکہ شرح خواندگی میں تیز رفتار اضافے کے لیے دور افتادہ علاقوں میں کمیونٹی اسکولوں کے قیام کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں ڈبل شفٹ اسکول پروگرام میں توسیع، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی کورسز کے اجرا کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پیش کردہ تجاویز پر مزید تفصیلی اجلاس طلب کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کو جلد حتمی شکل دی جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ گزشتہ پانچ سے چھ ماہ کے دوران تعلیم اور صحت کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت اور تعلیم ایسے شعبے ہیں جو براہ راست عوام سے منسلک ہیں، اور صوبائی حکومت عمران خان کے وژن کے مطابق انسانی ترقی پر سرمایہ کاری کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شعبہ تعلیم کو ہمہ گیر تبدیلی سے ہمکنار کرنا حکومت کا حتمی ہدف ہے اور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے بنیادی حق سے محروم نہ رہے۔ اجلاس میں ای ٹرانسفر پالیسی، یکساں نصاب تعلیم، سیمسٹر سسٹم، مانیٹرنگ، اساتذہ کی تربیت، اسکول بیسڈ اسسمنٹ، ورچوئل اسکولنگ اور اے آئی کورسز پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ شرح خواندگی میں اضافے اور جدید تعلیمی رجحانات کے فروغ کے لیے مجوزہ فریم ورک پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ان تجاویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے فالو اپ اجلاس جلد منعقد کیا جائے اور متعلقہ حکام پر مشتمل ایک رابطہ کمیٹی تشکیل دی جائے۔

خیبرپختونخوا میں تعلیمی اصلاحات بارے اجلاس

Shopping Basket