Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, October 26, 2026

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کا ڈی آئی خان آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشن میں 6 دہشت گردوں کی ہلاکت کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں اور قربانیاں قابلِ فخر ہیں۔ اپنے بیان میں ثمر ہارون بلور نے آپریشن کے دوران نائب حوالدار غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ مشیرِ اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رکھنا ہوگی، جبکہ خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کا قیام ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی قربانیاں امن کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کا ڈی آئی خان آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

Shopping Basket