شہر کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق اندرونِ شہر میں پانچ گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ گلبرگ، نوتھیہ اور لنڈی ارباب میں آٹھ گھنٹے تک لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے۔ اسی طرح منکراو، کوٹلہ محسن خان اور کوہاٹ روڈ کے علاقوں میں دس گھنٹے سے زائد بجلی بند رہنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ چارسدہ روڈ، ورسک روڈ، دلہ زاک روڈ اور ملحقہ علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔ شہر کے بعض دیگر علاقوں میں صورتحال مزید سنگین ہے، جہاں بڈھ بیر، پشتخرہ، ہزار خوانی اور ملحقہ علاقوں میں 16 گھنٹے تک بجلی کی بندش جاری ہے۔ طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور کی انجام دہی میں مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بجلی کی مسلسل بندش نے عوامی پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے۔


