Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Saturday, May 2, 2026

پشاور رنگ روڈ ناردرن سیکشن پیکج ون کا افتتاح ہو گیا

پشاور: سہیل آفریدی نے پشاور رنگ روڈ ناردرن سیکشن کے پیکج ون کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس منصوبے کے تحت 2.1 کلومیٹر طویل مسنگ لنک 2 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ رنگ روڈ کے مسنگ لنک کا پیکج ون مکمل ہو چکا ہے جبکہ دیگر پیکجز پر تیزی سے کام جاری ہے۔ رنگ روڈ ناردرن سیکشن کے فیز ون کی مجموعی لاگت 9.6 ارب روپے ہے، جبکہ فیز ٹو اور فیز تھری کے لیے ٹینڈر بھی جاری کیے جا چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ورسک روڈ تا ناصر باغ روڈ تین مزید پیکجز پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ پشاور ری وائیٹلائزیشن منصوبہ 200 ارب روپے مالیت کا ایک جامع ترقیاتی پیکج ہے، جس کے تحت 171 ارب روپے کے منصوبے منظور کیے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پشاور کے عوام کو پہلے بی آر ٹی اور اب ری وائیٹلائزیشن منصوبے کی صورت میں بڑے ترقیاتی منصوبے دیے ہیں۔

Local News

انہوں نے کہا کہ پشاور صوبے کا دارالحکومت ہے اور اس کی خوبصورتی پورے صوبے کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ آؤٹر رنگ روڈ منصوبے کی فزیبلٹی اسٹڈی بھی جلد مکمل کر لی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پشاور ری وائیٹلائزیشن منصوبے کے اعلان پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی گئی، تاہم اگر کسی کے پاس کرپشن کے ٹھوس شواہد ہیں تو سامنے لائے جائیں اور فوری کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے حوالے سے بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے حصے میں ناانصافی ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق اگر این ایف سی ایوارڈ پر نظرثانی کی جائے تو خیبرپختونخوا کا حصہ 14.6 فیصد سے بڑھ کر 19 فیصد ہو سکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا سالانہ تقریباً 400 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پیدا کر رہا ہے جس میں سے صرف 150 استعمال کی جا رہی ہے جبکہ باقی گیس دیگر صوبوں اور وفاق کو فراہم کی جا رہی ہے، حالانکہ آئین کے مطابق اس کے استعمال کا پہلا حق صوبے کو حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ اپنی ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر رہا ہے اور اضافی بجلی بھی دیگر علاقوں کو فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے اے جی این قاضی فارمولے کے تحت وسائل کی تقسیم کو بھی غیر منصفانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فارمولے کے تحت خیبرپختونخوا کو سالانہ 36 ارب جبکہ پنجاب کو 65 ارب روپے دیے جا رہے ہیں، جو کہ ناانصافی ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ صوبے کے حقوق کے تحفظ کے لیے ایک نئی جدوجہد کا آغاز کیا جا رہا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

پشاور رنگ روڈ ناردرن سیکشن پیکج ون کا افتتاح ہو گیا

Shopping Basket