Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, May 18, 2026

پشتون قبائلی جرگہ وفد کی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

پشتون قبائلی جرگہ کے ایک اہم وفد نے قبائلی رہنما عنایت اللہ محسود کی قیادت میں گورنر ہاؤس اسلام آباد میں فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا کو درپیش مختلف مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جرگہ اراکین نے صوبائی مسائل کے حل کے لیے گورنر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیصل کریم کنڈی مؤثر انداز میں پورے صوبے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ وفد کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی مختلف اقوام گورنر کی مثبت کاوشوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہیں۔

وفد نے حالیہ دنوں راولپنڈی میں دو نوجوانوں کے قتل کے افسوسناک واقعے پر گورنر کے مؤثر کردار کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور امید ظاہر کی کہ ایسے اقدامات انصاف کی بروقت فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مسائل کا پائیدار حل قانون کی بالادستی اور باہمی مذاکرات میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون ملک کے مختلف حصوں میں پُرامن انداز میں کاروبار اور زندگی گزار رہے ہیں، اس لیے انفرادی تنازعات کو اجتماعی یا قومی رنگ دینا مناسب نہیں۔

گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ قوموں کی قیادت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاملات کو دانشمندی اور تحمل سے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری، مجرموں کو سزا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ناگزیر ہے تاکہ معاشرے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

پشتون قبائلی جرگہ وفد کی گورنر فیصل کریم کنڈی سے ملاقات

Shopping Basket