مردان: عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں جاب فیئر اوپن ہاؤس 2026 کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس میں ملک بھر سے 45 قومی و بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی، جبکہ طلبہ و طالبات کی جانب سے 223 مختلف منصوبوں اور تحقیقی پروجیکٹس کے اسٹالز لگائے گئے۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق صوبائی وزیر اور رکن صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو تھے۔ جاب فیئر کے مرکزی منتظمین ڈاکٹر احتشام، ڈائریکٹر آئی بی ایل، اور ڈاکٹر بلال، ڈائریکٹر سی ڈی سی تھے۔
جاب فیئر کے دوران مختلف اداروں کی جانب سے طلبہ و طالبات کے انٹرویوز کیے گئے، جبکہ اہل امیدواروں میں جاب لیٹرز بھی تقسیم کیے گئے، جس سے نوجوان گریجویٹس کو براہِ راست روزگار کے مواقع میسر آئے۔
تقریب میں الیاس طورو، ہارون خان، مختلف جامعات و کالجز کے فیکلٹی ممبران، صنعتوں سے وابستہ نمائندگان اور کاروباری شخصیات نے بھی شرکت کی۔ دیگر مہمانوں میں مردان چیمبر آف کامرس کے صدر اویس خان، عبید الحق، اور مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان شامل تھے۔
اپنے خطاب میں ظاہر شاہ طورو نے یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ کے لیے ایک کروڑ روپے کی گرانٹ اپنے ذاتی فنڈ سے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی، تخلیقی سوچ اور بالخصوص آرٹیفیشل انٹیلیجنس سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں کامیابی انہی نوجوانوں کا مقدر ہوگی جو جدید تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کریں گے۔
انہوں نے صنعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ نوجوان گریجویٹس کو عملی میدان میں آگے بڑھنے کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں۔
اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان تعلیمی معیار، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں مسلسل ترقی کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن رینکنگ میں خیبر پختونخوا میں پہلے اور ملک بھر میں ٹاپ ٹین جامعات میں شامل ہے۔
وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی میں ماہی پروری کے جدید تحقیقی مراکز، شہد کی مکھیوں کے فارمز، جانوروں کی ویکسین سازی اور صحت سے متعلق جدید مصنوعات کے منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ بزنس انکیوبیشن سینٹر، بزنس پارک اور اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر کے قیام کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


