پشاور: محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام مدرسہ سپورٹس فیسٹیول 2026 کا انعقاد طہماس سٹیڈیم میں کیا گیا، جس میں پشاور ریجن کے آٹھ مدارس کے 120 طلبہ نے حصہ لیا۔
سپورٹس فیسٹیول کے دوران کرکٹ اور فٹبال کے مقابلے منعقد کیے گئے، جبکہ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تاشفین حیدر تھے۔
کرکٹ کے فائنل میں جامعہ شاہ ولی اللہ اور جامعہ السعید کی ٹیمیں مدمقابل آئیں۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جامعہ شاہ ولی اللہ نے 105 رنز کا ہدف دیا۔
جواب میں جامعہ السعید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے فائنل آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔
میچ میں نمایاں کارکردگی دکھانے پر قاری سعید کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جنہوں نے 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
محکمہ کھیل کے حکام کا کہنا تھا کہ مدارس سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینا اور کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔


